خبریں

گلگت بلتستان میں قدرتی آفات سے متعلق شعور و آگاہی بیدار کرنے کا دن جوش و خروش سے منایاگیا

گلگت(پ ر) ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان میں بھی آٹھ اکتوبرکو ’’قدرتی آفات سے متعلق شعورواگاہی کا قومی دن‘‘ بڑے جوش وخروش سے منایا گیا۔ اس سلسلے میں گلگت بلتستان ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی ،ہلال احمر گلگت بلتستان،فوکس،الخدمت فاونڈیشن،ریسکیو1122،محکمہ تعلیم اور اسماعیلی بوائزسکاوٹس کے باہمی اشتراک سے اتوارکو ایک شعوری ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی گورنمنٹ بوائزہائی سکول نمبرون گھڑی باغ گلگت سے برآمدہوکرسٹی پارک میں اختتام پذیرہوئی۔ ریلی میں صوبائی وزیرایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حاجی حیدرخان،وزیرجنگلات وجنگلی حیات عمران وکیل،ڈائریکٹرجنرل جی بی ڈی ایم اے طارق حسین،صدرالخدمت فاؤنڈیشن حبیب الرحمن،ہلال احمرگلگت بلتستان کے قائم مقام سکریٹری غلام محمداور دیگر اداروں کے ذمہ داران ،سکولوں کے طلباء،اسکاوٹس اور رضاکاروں کی کثیرتعدادنے شرکت کی۔ اس دن کی مناسبت سے سٹی پارک میں مختلف اداروں کی جانب سے قدرتی آفات سے نمٹنے سے متعلق آلات اور دیگرسازوسامان کے اسٹالز بھی لگائیں گئے تھے جہاں پر متعلقہ اداروں کے ماہرین نے اپنے اپنے اسٹال کے حوالے سے ریلی کے شرکاء اور میڈیا کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیرایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حاجی حیدرخان نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصدآٹھ اکتوبر2005کو کشمیراور خیبرپختونخوا میں آنے والے خوفناک زلزلے میں جاں بحق افرادکی یاد کو تازہ کرنا اور اس طرح کی آفات وسانحات سے نمٹنے کے حوالے سے عوام کے اندرشعوروآگاہی پیداکرنا ہے تاکہ ان آفات کے دوران انسانی جانوں کو درپیش خطرات کو کم سے کم کیا جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات چاہے زلزہ ہو یا سیلاب یا پھر سونامی وغیرہ سب اللہ تعالیٰ کے حکم سے وقوع پذیرہوتے ہیں اور ان آفات کو روکنا انسان کی بس کی بات نہیں لیکن ان آفات کے خطرات کے حوالے سے عوام الناس کے اندرشعوراجاگرکرنا معاشرے کے ہرفردکی ذمہ داری ہے اور ہم سب کو یہ ذمہ داری احسن طریقے سے سرانجام دینے کی ضرورت ہے۔ آخرمیں آٹھ اکتوبر2005کو کشمیراور خیبرپختونخوا میں آنے والے خوفناک زلزلے میں جاں بحق افرادکی روحوں کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button