
چترال ( نمائندہ ) پاک آرمی کے زیر انتظام یوم آزادی اور امن کے حوالے سے موٹر ریلی نے چترال سے پیر کے روز اپنے سفر کا آغاز کیا ۔ جو شندور اور گلگت کے راستے خنجراب سے آنے والی ریلی کے ساتھ اسلام آباد پہنچے گا ۔ ریلی میں پاکستان کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے موٹر شامل ہیں ۔ موٹر ریلی کو رخصت کرنے کے موقع پر چترال سکاؤٹس سٹیڈیم میں ایک شاندار تقریب ہوئی ۔ جس میں کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل معین الدین ،ڈی پی او چترال علی اکبر شاہ دیگر آفیسران آرمی پبلک سکول کے طلباء و طالبات ، خواتین اور اساتذہ کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل معین الدین نے کہا ۔ کہ اقبال رحمت اللہ علیہ نے کہا تھا ۔ کہ محبت مجھے اُن جوانوں سے ہے ۔ ستاروں پہ جو ڈالتے ہیں کمند ۔ آج نوجوانوں پر مشتمل یہ قافلہ ستاروں پر کمند ڈالنے نکلاہے ۔ اور چترال کا بچہ بچہ انہیں خوش آمدید کہ رہا ہے ۔ انہوں نے نوجوانوں کی مہم جوئی کو لہو گرم رکھنے کیلئے انتہائی ضروری قرار دیا ۔ اور کہا کہ اسی طرح پلٹ کر جھپٹنے والے نوجوان پاکستان کا سرمایہ ہیں ۔ اور قوم ان جیسے نوجوانوں پر فخر کرتی ہے کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس نے اس امید کا اظہار کیا ۔ کہ ریلی میں شریک موٹر سائکلسٹ چترال اور گلگت میں پاکستان کی عظمت اور امن کے حوالے سے پیغام کو اُجاگر کرتے ہوئے اپنی منزل تک پہنچ جائیں گے ۔





