کوہستان(نامہ نگار) کوہستان، داسو ہائیڈروپاورپروجیکٹ سے معاوضہ جات کی حصولی ، بنکوں نے کوہستان کے پہاڑوں کا رُ خ کرلیا۔ کوہستان کے شہر داسو میں آٹھویں نجی بنک کا افتتاح ہوگیا،لائف انشورنس کمپنیوں نے بھی پر تولنے شروع کردئے ۔
تفصیلات کے مطابق کوہستان کی سرزمین پر داسو ٹاون کے مقام پر زیر تعمیر چارہزار تین سو بیس میگاواٹ بجلی پیداواری منصوبے میں زیر استعمال اراضی جات و املاک کے مالکانہ رقوم کی ادائیگیوں کے شروع ہوتے ہی نجی بنکوں نے کوہستان کی طرف وسیع پیمانے پر رُ خ کرلیاہے ۔ اس سے قبل داسو میں صرف ایک نیشنل بنک کی برانچ ہُوا کرتی تھی جس پر صارفین کا ہر وقت رش پڑتا تھا ۔ اب ان بنکوں کی آنے سے صارفین کی پریشانیاں دور ہوگئی ہیں اور لوگ جوق درجوق اپنا سرمایہ بنکوں میں جمع کرتے ہیں کاروباری حضرات کیلئے آسانی پیدا ہوگئی ہے ۔
اس ضمن میں گزشتہ روزداسو کے مقام پر بنک الفلاح کا افتتاح ہوا،جس کی پروقار تقریب میں علاقہ عمائدین اور صارفین کے ساتھ ڈی پی او اور ڈپٹی کمشنر نے بھی شرکت کی ۔ علاوہ ازیں انشورنس کمپنیاں بھی کوہستان کی طرف رخ کررہی ہیں ۔
پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔