خبریںعوامی مسائل
ضلعی انتظامیہ نگر کی طرف سے میاچھر میں کھلی کچہری کا انعقاد،عوام کے مسائل سنے
نگر(پ۔ر) ضلعی انتظامیہ نگر کی طرف سے میاچھر میں کھلی کچہری کا انعقاد،عوام کے مسائل سنے۔
تفصیلات کے مطابق منگل کے روز ڈپٹی کمشنر نگر /ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نگر نوید احمد نے دیگر ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹس کے ہمراہ میاچھر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا اور وہاں پر لوگوں کے مسائل سنے ۔ڈپٹی کمشنر نگر نوید احمدنے میاچھر کے عوام کو لینڈ سلائڈنگ سے متاثرہ علاقے کی جلد از جلد بحالی اور میاچھر میں جدید طرز کا سینی ٹیشن سسٹم لانے کیلئے اپنے ممکنہ تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ڈپٹی کمشنر نے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قدرت نے میاچھر کو بے پناہ قدرتی حسن سے نوازا ہے اور اس سے زیادہ فائدہ حاصل کرنے کیلئے کمیونٹی کو چاہئے کہ وہ اس علاقے میں ایک ریکریشنل پارک قائم کرے اور انتظامیہ یہاں پر سرکاری تعاون سے روڈ اور دیگر انفراسٹریکچر لانے کی کوشش کرے گی ۔ڈی سی نے میا چھر کے عوام سے آئندہ چند روز میں میاچھر کے بالائی علاقوں کی بھی دورہ کرنے کی یقین دہانی کرائی جس سے سیاحت کو فروغ دینے کیلئے لائحہ عمل تشکیل دیا جائے گا۔
کھلی کچہری میں موجود ایگزیکٹیو انجینئر بی اینڈ آر اے ڈی، ڈی ڈی ایم اے ڈی ایف او اور اسسٹنٹ کمشنر نگر نے بھی اپنے اقدامات کے حوالے سے نگر کے عوام کو آگاہ کیا اور لوگوں کے مسائل سنے انہیں جلد از جلد حل کرنے کی بھی یقین دہانی کرادی ۔