خبریںعوامی مسائل

ہنزہ میں ایک کنال زمین کی قیمت مارکیٹ میں ایک کروڑ جبکہ سرکاری قیمت صرف نو لاکھ ہے، زمینوں کی ادائیگیاں مارکیٹ ریٹ کے مطابق کی جائیں، صدر پی ٹی آئی

گلگت(پ ر)تحریک انصاف ضلع ہنزہ کے صدر نیک نام کریم نے کہا ہے ہنزہ میں سرکاری مقاصد کے لئے حاصل کی جانے والی زمینوں کے مالکان کو معاوضوں کے نام پر جو خیرات دی جاتی ہے وہ متاثرین کے ساتھ سنگین مذاق اور ناانصافی کی انتہا ہے۔ حکومت مالکان کو مارکیٹ ریٹ کے حساب سے معاوضے ادا کرے بصورت دیگر عوام انصاف کے لئے آواز بلند کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ آبادی میں اضافے کے ساتھ ساتھ ہنزہ میں زمینوں کے حصول میں بھی عوام کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔سنڑل ہنزہ میں اوپن مارکیٹ میں فی کنال ایک کروڑ روپیہ ہے جبکہ سرکاری قیمت صرف نو لاکھ روپے مقرر ہے۔اگر کسی غریب کی زمین سرکار اٹھاتی ہے تووہ بے گھر ہوجاتا ہے کیونکہ سرکار جو قیمت ادا کرتی ہے اس رقم سے پانچ مرلہ زمین بھی کوئی دینے کے لئے تیار نہیں ہوتا۔ اسلئے حکومت من مانے فیصلے کرنے کے بجائے زمینی حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے لوگوں کے سروں سے چھت چھیننے کے بجائے مارکیٹ ریٹ کے مطابق ادائیگیوں کو یقینی بنائے۔

انہوں نے کہا کہ ہنزہ کے عوام امن پسند لوگ ہیں حکومت اس طرح کی زیادتیاں کر کے ان کے صبر کا امتحان نہ لے۔ سیاحتی اعتبار سے ہنزہ کی پوری دنیا میں ایک الگ پہچان ہے۔اس پر امن علاقے میں بدامنی نہ حکومت اور نہ ہی عوام کے مفاد میں ہے۔انہوں نے صوبائی حکومت کو خبردار کیا کہ اگر حکومتی سطح پر عوام کے اس مطالبے کو سنجیدگی سے نہیں لیا تو عوام اپنے حق کے لئے صدائے احتجاج بلند کرینگے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button