خبریںصحت

چلاس: ڈی ایچ کیو ہسپتال میں گائنی کالوجسٹ اور دیگر کنسلٹنٹ ڈاکٹرز تعینات کئے جائیں

چلاس(پریس ریلیز) ڈی ایچ کیو ہسپتال میں زچگی کیس میں جانے والی خاتون کے ساتھ ایل ایچ وی کا رویہ انتہائی افسوسناک رہا۔واقعے کی فوری تحقیقات کر کے غفلت کے مرتکب عملے کو سزا دی جائے۔یہ پہلا واقعہ نہیں آئے روز اس طرح کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔ مریض اپنی مجبوری سے ہسپتال جاتے ہیں ان کی داد رسی کے بجائے انہیں نظر انداز کرنا کسی صورت درست نہیں ہے۔معمولی غفلت سے انسانی جانوں کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ فوری طور پر گائنی کالوجسٹ اور دیگر کنسلٹنٹ ڈاکٹرز تعینات کئے جائیں۔ فیمیل ونگ کو فوری طور پر فنکشنل کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار دیامر علماء یوتھ کونسل نے اجلاس کے بعد جاری کردہ پریس ریلیز میں کیا۔

اس اجلاس کی صدارت صدر علماء یوتھ کونسل مولانا محمد شریف نے کی جبکہ اجلاس میں مولانا محمد صابر،مولانا شیرزادہ اشرفی،مولانا عبدالمالک،مولانا ظاہر شاہ،مولانا مقصود عالم،مولانا عبدالمجید،مفتی حفیظ اللہ،قاری امداداللہ،مولانا جلال الدین،مفتی مصباح اللہ و دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں کہا گیا کہ گزشتہ روز امام مسجد کی اہلیہ کو زچگی کیس میں ڈاکٹر نے معائنے کے بعد ہسپتال بھیجا۔مگر ڈیوٹی پر موجود ایل ایچ وی نے گھر جانے کا مشورہ دیا۔اور مریضہ کے اصرار کے باوجود انہیں زبردستی واپس گھر بھیج دیا۔مریضہ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا مجبوراً واپس گھر لائی گئی۔اور دو گھنٹوں کے اندر گھر میں ہی بچے کی پیدائش ہوئی۔پیدائش کے بعد خون زیادہ بہہ جانے سے مریضہ کی حالت غیر ہوگئی۔جس پر محلے کی خواتین نے دیسی دواؤں کے ذریعے تکلیف سے نکالنے کی کوشش کی۔

اخبارات میں عملے کے رویئے سے متعلق خبر شائع ہونے پر متعلقہ ایل ایچ وی کی جانب سے امام مسجد اور دیگر کے خلاف ایف آئی آر کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔ یہ امر انتہائی تکلیف دہ اور افسوسناک ہے کہ کوئی بھی شخص ہسپتال کے عملے کے ناروا رویئے کے خلاف آواز اٹھاتا ہے تو اسے ڈرا دھمکا کر اس آواز کو دبانے کی کوشش کی جاتی ہے۔اس روایت کو فوری ختم کیا جانا چاہیئے اور عملے کی شکایت پر فوری طور پر تحقیقات کی جائیں اور فرائض میں غفلت برتنے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے۔تاکہ انسانیت کی تذلیل اور توہین اور قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع نہ ہوسکے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button