سیاست

غیرقانونی ٹیکسز کے خلاف عوامی یکجہتی مثالی ،قربانی دینے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ شاہ ناصر ممبر سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی پاکستان تحریک انصاف

چلاس(مجیب الرحمان) غیرقانونی ٹیکسز کے خلاف عوامی یکجہتی مثالی ،قربانی دینے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔بلتستان کے تاریخی احتجاج اور لانگ مارچ نے حکومتی ایوانوں میں لرزہ طاری کر دیا ہے ۔احتجاج کو ناکام بنانے کی سازشوں کے باوجود عوام نے حکومت کوگھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا۔ سخت موسمی حالات اور دشواری کے باوجود لانگ مارچ کرنے پرتحریک انصاف بلتستان کے غیور عوام کو سلام پیش کرتی ہے۔اور قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ان خیالات کا اظہار ممبر سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی پاکستان تحریک انصاف شاہ ناصر نے اپنے ایک بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ڈرا دھمکا کر سازشوں کی بنیاد پر خطے میں غیر قانونی ٹیکسز کا نفاذ کر کے اپنے آقاؤں کی خوشنودی چاہتے تھے۔مگر عوام نے یکسر مسترد کرتے ہوئے اپنے حق کی خاطر صدائے احتجاج بلند کی۔اور کامیاب تحریک چلا کر ٹیکس ایڈاپٹیشن ایکٹ کو مسترد کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو عوامی امنگوں کی ترجمانی کے بجائے مرکزی حکومت کی طرف داری عزیز ہے۔اس سے لگتا ہے کہ یہ عوامی ووٹ سے نہیں بلکہ کسی اور طریقے سے اقتدار میں آئے ہیں۔گلگت بلتستان کی عوام حکومت کے ہر ناجائز فیصلے کو مسترد کر دیں گے۔تحریک انصاف ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور رہے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اپنے قائد کی طرح ضد کر رہے ہیں۔جس کی وجہ سے مسلسل ایک ہفتے سے پورا گلگت بلتستان جام ،معمولات زندگی مفلوج ہیں۔پٹرول اور ڈیزل کی بندش سے لوگ اپنے علاج کے لئے ہسپتال پہنچنے سے قاصر ہیں۔حفیظ الرحمان اور انکے مشیروں کو عقل ہوتی تو وہ عوام کو اذیت ناک مراحل میں داخل ہونے نہیں دیتے ۔اور شروع دن ہی ٹیکس کے خاتمے کے لئے اقدامات اٹھاتے۔مگر میں نہ مانوں کہہ کر گردن میں سریا ظاہر کیا۔مگر عوام کے سامنے بے بس ہوئے۔ حکومت اپنی ناکامی پر فوری مستعفی ہو جائے۔اور گلگت بلتستان کی عوام کو پیش آنے والی مشکلات پر معافی مانگے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button