خبریں

2018ہلال احمرگلگت بلتستان کے حوالے سے نہایت اہم اور تبدیلی کا سال ثابت ہوگا، چیئرمین ہلال احمرگلگت بلتستان طارق حسین شاہ

گلگت(پ ر) ہلال احمرگلگت بلتستان کے چیئرمین طارق حسین شاہ نے کہا ہے کہ سال 2018ہلال احمرگلگت بلتستان کے حوالے سے نہایت اہم اور تبدیلی کا سال ثابت ہوگا کیونکہ رواں سال مختلف قومی وبین الاقوامی ڈونر ز کے تعاون سے ہلال احمر کی جانب سے خطے میں عوامی فلاح وبہبودکے متعدد منصوبے شروع کئے جائیں گے جس سے عوام الناس کو خاطرخواہ فوائد حاصل ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفترمیں نئے سال کی آمدکے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ نئے سال کے دوران ہلال احمر ڈنیش ریڈکراس کے تعاون سے ضلع نگر میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے حوالے سے ایک بڑا منصوبہ شروع ہوگا جبکہ چائنیز ریڈکراس کے تعاون سے گلگت میں پچاس بستروں کا ہسپتال قائم کیا جائیگا۔ اسی طرح ترکش ریڈکراس، ایرانی ریڈکراس اور دیگراداروں کی طرف سے بھی گلگت بلتستان میں مختلف شعبوں میں کام کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے جس سے نہ صرف ہلال احمر گلگت بلتستان کو درپیش مسائل میں کمی آئیگی بلکہ خطے سے غربت اور بیروزگاری کے خاتمے میں بھی مددملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہلال احمر شگرمیں جرمن ریڈکراس، گانچھے میں بین الاقوامی فیڈریشن برائے ریڈکراس اور گلگت میں کنیڈین ریڈکراس کے تعاون سے مختلف منصوبوں پر پہلے سے ہی کام جاری وساری ہے جس کے تحت درجنوں افرادکوروزگارکی فراہمی کے ساتھ ساتھ رضاکاروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادکو قدرتی آفات سے نمٹنے اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے حوالے سے تربیت فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے ہلال احمرکے سٹاف پر زوردیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ امورکی انجام دہی میں دیانتداری،سخت محنت اور خلوص دل سے کام کرنے کو اپنا شعاربنائیں تاکہ ادارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button