کوہستان

کوہستان: بجلی بند کرنے پر جالکوٹ کے یودن خیل اور شمت خیل اقوام کےدس دس افراد کو پولیس نے تحویل میں لیا، معاملے کے حل کیلئے جرگہ تشکیل

کوہستان (نامہ نگار) کوہستان کے مرکزی شہر کمیلہ کی ہزاروں آبادی کو اندھیرے میں رکھنے والوں کے خلاف بالآخر قانون ایکشن میں آگیا۔ جالکوٹ کے اقوام یودن خیل اور شمت خیل کے دونوں گروہوں کے دس دس افراد پولیس نے تحویل میں لیکر معاملے کے حل کیلئے جرگہ تشکیل دیدیا۔ ہفتے کی شام پانی کے تنازعے پر جالکوٹ نالے میں کمیلہ کے مکینوں کی جانب سے اپنی مددآپ تعمیر کئے گئے 7چھوٹے پن بجلی گھریودن خیل اور شمت خیل کے دو گروہوں نے آپسی تنازعے پر بند کئے رکھا ،جس سے کمیلہ اور اطراف کی ہزاروں آبادی اندھیرے میں ڈوب گئی ۔

اس معاملے پر ایس ایچ اوتھانہ کمیلہ نصیرالدین نے بتایا کہ ڈی پی او کوہستان افتخارالدین کی سربراہی میں ایف سی اور پولیس کی بھاری نفری نے جالکوٹ گاوں میں جاکر دونوں جانب سے دس دس افراد تحویل میں لئے ہیں ۔ یہ تنازعہ نئے قائم ہونے والے جنریٹر کے کھمبے کو گرانے کے بعد پھر گرم ہوا اور ایک فریق نے جالکوٹ نالے پر قائم تمام 7جنریٹرز کا پانی کاٹ دیا جس سے شہر اندھیروں میں ڈوب گیا تھا۔ اس سے قبل بھی دونوں فریقین اسی پانی کے تنازعے پر آپس میں الجھے تھے ،فائرنگ کاتبادلہ بھی ہوا اور ان تمام جنریٹرزکو قریب ایک ماہ تک بند کئے رکھا۔

بعدازاں مقامی علماء نے مداخلت کرکے تمام چھوٹے پن بجلی گھربحال کئے تھے اور اس کے ساتھ علماء کے ایک گرو ہ نے یہاں تک اعلان کیا کہ ان جنریٹرز کو دوبارہ بند کرنے والوں کاسماجی بائیکاٹ کیا جائیگا اور اُن کے جنازوں میں شرکت نہیں کیا جائیگا۔

عینی شاہد محمد غنی کے مطابق ہفتے کی شام یہ تنازعہ اُس وقت شد ت اختیار کرگیا جب شمت خیل گروہ کے لوگوں نے یودن خیل گروہ کی بجلی سپلائی کرنیوالے کھمبے کو یہ کہہ کرگرایا کہ ہمیں بجلی نہ ملی تو مشترکہ جگہ پہ کھمبا نہیں لگنے دیں گے ،جس کے جواب میں یودن خیل گروہ نے دوبارہ تمام سات جنریٹرز کا پانی کاٹ دیا ۔ اس دوران دونوں جانب سے طویل دورانئے تک ہوائی فائرنگ کابھی تبادلہ ہوا۔

اتوار کی شام کوہستان پولیس نے اس معاملے کی سنگنی کو بھانپتے ہوئے ایکشن لیا اور دونوں جانب کے فریقین کو تحویل میں لیکر معاملے کے حل کیلئے جرگہ تشکیل دیاہے۔ پولیس کو یقین ہے یہ معاملہ چند روز میں حل ہوگا اور شہریوں کو بجلی میسر ہوگی ۔مگراتوار کی رات گئے تک شہر اندھیروں میں ڈوبا ہوا تھا ۔دوسری جانب واپڈا کی بجلی آنکھ مچولی میں مصروف ہے اور جونہی موسم خراب ہوجائے تو بشام سے بجلی کاٹ دی جاتی ہے ،کوہستان کمیلہ اور گردونواح کی آبادی بجلی کی سہولت سے محروم ہے۔واپڈا کے زمہ داروں موقف ہے چونکہ لائن شاہراہ قراقرم پہ آرہی ہے بارش میں شارٹ ہونے کے خدشے کے پیش نظر بجلی بند رکھی جاتی ہے ۔ادھر کمیلہ اور اطراف کے مکینوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے اس معاملے کا مستقل حل نکال کر بجلی بحال کی جائے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button