سیاحت
گلگت میں قراقرم ماونٹین انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کا آغاز

گلگت ( سٹاف رپورٹر )گلگت میں پہلا بین الاقوامی فلم فیسٹول شروع ہو گیا ہے جسے قراقرم ماونٹین انٹر نیشنل فلم فیسٹول کا نام دیا گیا ہے۔ پاکستان یوتھ آوٹ ریچ فاونڈیشن کے زیر اہتمام ہو نے والے دو روزہ فیسٹول کی افتتاحی تقریب گلگت میں منقعد ہو ئی چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ڈاکٹر کاظم نیاز نے فیسٹول کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اْنہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں اس طرح کے عالمی سطح کے فلمی میلے کے انعقاد سے جہاں علاقے میں سیاحت کو فروغ ملے گا وہاں نوجوانوں کو بھی اپنی صلاحیتوں کو اْجاگر کرنے کا موقع ملے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے یوتھ میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے ان کو موقع ملے تو ملک کانام روشن کر سکتے ہیں۔ گلگت بلتستان سیاحت کے لئے موزوں ہے ہر سال پاکستان اور بیرون ملک سیاح یہاں آتے ہیں ان سیاحوں کو بہتر موقع فراہم کرنے کے لئے انتظامیہ اقدامات کر رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں خواتین کو اپنے صلاحیتوں کو بروئے کار لانے میں بہتر موقع موجود ہے ۔ یوتھ اپنے تعلیم کے ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی حصہ لے کر اپنے خطے کا نام روشن کرسکتے ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ فلم فیسٹول میں مشہور کوہ پیماوں میں یادگاری شیلڈ پیش کر ان کی حوصلہ افرائی کی گئی جو کہ قابل ستائش ہے۔





