تعلیم

وسائل اور اساتذہ کی کمی کے باوجود بھی تعلیمی انقلاب کے لئے پرعزم ہیں، ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ تعلیم شگر

شگر(عابدشگری)ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن شگر محمد نذیر شگری نے کہا ہے کہ محکمہ وسائل اور اساتذہ کی کمی کے باؤجود محکمہ تعلیم شگر میں تعلیمی انقلاب کیلئے پرعزم ہے۔ ہمارا ٹارگٹ سرکاری سکولوں کا معیار پرائیویٹ سکولوں سے بھی آگے لانا ہے۔جس کیلئے محکمہ تعلیمات عامہ شگر اور اساتذہ سخت محنت کررہے ہیں۔اگر ہم سب وسائل اور مسائل کا رونا روئے بغیر اپنے فرائض منصبی بہتر طور اداکریں تو ناممکن کو ممکن بناسکتے ہیں۔اپنے آفس میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئے سال کے ابتداء میں ہی اساتذہ پر زوردیا ہے کہ وہ پڑھائی کیساتھ بچوں کی بہتر تربیت کی طرف بھی توجہ دیں۔ جبکہ سردیوں کی چھٹیوں میں نئے سال کیلئے سکول ڈیولپمنٹ تیار رکھیں اور اس کے مطابق ہی بچوں کو پڑھائیں اور امتحان کی تیاری کرائیں۔ہر ٹیچر سے نئے سال کیلئے متعلقہ مضامین کے مطابق مطلوبہ نتائج کے بارے میں تحریری طور پر لکھ کر لیا جارہا ہے ۔ مطلوبہ نتائج فراہم نہ کرنے والے اور خراب کارکردگی کے حامل اساتذہ سے بازپرس کی جائے گی۔جبکہ بہتر کارکردگی کے حامل اساتذہ کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ضلع شگر میں کل88سکولوں کیلئے صرف328اساتذہ موجود ہے جوکہ بلتستان کے دیگر اضلاع کے نسبت سب سے کم ہے۔ جبکہ بچوں کی تعداد 14000سے زائد ہے۔اس طرح اوسطا 44بچوں کیلئے ایک استاد میسر ہے۔جبکہ سٹینڈرڈ طور پر 20سے25بچوں کیلئے ایک استاد ہونا چاہئے۔اس کے باؤجود اساتذہ اور سٹاف بہتر نتائج اور کارکردگی کیلئے پرعزم ہے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button