کھیل

ہُڈر ویلی میں‌منعقدہ کرکٹ ٹورنامنٹ‌کھینر الیون نے جیت لی

چلاس(مجیب الرحمان)ہڈر ویلی میں منعقدہ کرکٹ ٹورنامنٹ فائنل مقابلہ کھنر الیون نے جیت لیا۔فائنل مقابلہ ہڈر برسات الیون اور کھنر الیون کے مابین کھیلا گیا۔کھنر الیون نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں ہدر برسات الیون کو ایک سو ستائیس رنز کا ٹارگٹ دیا۔مقابلے میں ہڈر برسات الیون ایک سو پندرہ رنز ہی بنا سکی۔فائنل میچ کے مہمان خصوصی مسلم لیگ ن کے سینئیر راہنماء اور امیدوار جی بی اسمبلی محمد انور تھے۔جبکہ دیامر کی معروف شخصیت گورنمنٹ کنٹریکٹر محمد اقبال میر محفل کی حیثیت سے شریک ہوئے۔مہمان خصوصی محمد انور اور محمدا قبال نے کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔کرکٹ ٹورنامنٹ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی محمد انور نے کہا کہ دیامر میں صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ میں کھیلوں کا انعقاد خوش آئند اقدام ہے۔جہاں کھیلوں کے میدان آباد ہوتے ہیں وہاں ہسپتال ویران ہوتے ہیں۔مثبت سرگرمیوں کے ذریعے بھائی چارگی کی فضا قائم ہوتی ہے۔اور شائقین کے لئے بھی تفریح کے مواقع میسر آتے ہیں۔دیامر کے لوگوں کا کھیلوں سے لگاؤ قابل تعریف ہے۔موجودہ حکومت دیامر میں کھیلوں کے فروغ کے الئے اقدامات اٹھائے گی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی وزیر حاجی جانباز خان ا س سال کی اپنی اے ڈی پی میں ہڈر نرسری میں پولو گراؤنڈ ،کرکٹ گراؤنڈ،چیکون میں پولو گراؤنڈ اور گجرات گٹمل میں پولو گراؤنڈ کی سیکم رکھیں گے۔اور فوری طور پر ان گراؤنڈز کی تعمیر مکمل کروائی جائے گی۔انہوں نے فائنل میں شریک دونوں ٹیموں کے لئے تیس تیس ہزار ،ٹورنامنٹ کے منتظمین کے لئے پچاس ہزارروپے نقد انعامات بھی دیئے۔میر محفل محمد اقبال نے بھی دونوں ٹیموں کے لئے تیس تیس ہزار اور منتظمین کے لئے پینتالیس ہزار روپے نقد انعامات بھی دئیے۔کرکٹ ٹورنامنٹ کے منتظم ایم ایس ایف چلاس کے صدر خنطاس عالم اور سپورٹس صدرفداء اللہ نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے کھیلوں کے فروغ کے لئے اپنی مدد آپ کے تحت ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا۔اس ٹورنامنٹ میں کوہستان جگلوٹ سمیت دیامر بھر سے بائیس ٹیموں نے شرکت کی تھی۔ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کھنر الیون کے کپتان جعفر شاہ ،ہڈر الیون کے کپتان محمد ایوب نے بھی ٹورنامنٹ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے مہمان خصوصی محمد انور اور میر محفل محمد اقبال اور منتظمین ٹورنامنٹ کا شکریہ ادا کیا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button