نالہ جات میںسڑکوں کی ناقص تعمیر کے خلاف دھرنے کو کامیاب بنانے کے لئے حکمت عملی مرتب کر لی، دیامر یوتھ موومنٹ
چلاس(مجیب الرحمان)دیامر یوتھ موومنٹ نے نالہ جات کی سڑکوں کی ناقص تعمیر کے خلاف دھرنے کو کامیاب بنانے کے لئے حکمت عملی مرتب کر لی ۔یوتھ موومنٹ کے نمائندہ وفد کو نالہ جات کے علماء ،عمائدین،اور نوجوانوں سے مشاورت اور تجاویز کے لئے بھیجنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ دیامر یوتھ موومنٹ کے اجلاس میں نالہ جات کے لئے وفود بھیجنے کا شیڈول کا بھی اعلان کیا گیا۔شیڈول کے مطابق نمائندہ وفد5 مارچ کوکھنر تھلپن، 7مارچ کو تھور،8مارچ کو ہڈرویلی،10مارچ کو گیس بالا،پائین،بونرداس،12مارچ کو نیاٹ ویلی،14مارچ کو کھنبری ویلی کا دورہ کرے گا۔اور سی بی ایم کے تحت نئی تعمیر ہونے والی سڑکوں کی حالت زار کے جائزے سمیت مقامی کمیونٹی سے مشاورت مکمل کی جائے گی۔جس کے بعد 18مارچ کو دوبارہ اجلاس کا انعقاد ہوگا جس میں واپڈا کی جانب سے سی بی ایم کے تحت ہونے والے ناقص کاموں کے خلاف لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔اس سے قبل دیامر یوتھ موومنٹ نے ٹھیکیداروں کی جانب سے ناقص کاموں کے خلاف پانچ مارچ کو دھرنے کا اعلان کیا تھا۔مگر اجلاس میں دھرنے کو مشاورت اور تجاویز کے لئے 18مارچ تک ملتوی کرنے کا فیصلہ کر دیا گیا۔تاکہ مشاورت اور تجاویز کو مد نظر رکھ کر ایک جامع ،مؤثر اور قابل عمل پالیسی مرتب کی جائے گی۔اس اجلاس میں دیامر یوتھ موومنٹ کے راہنماؤں شبیر احمد قریشی،شریف شاہ،شاہ ناصر،محمد طاہر ایڈوکیٹ،عابد حسین چلاسی،عاطف محمود،ادریس سالک،فیاض،برکت اللہ،فضل الحق فیاضی،اجمل بھٹی،گل نواز خان،اسدا للہ،محمد ولی اور رحمان اللہ و دیگر شریک تھے۔