عوامی مسائل

چٹورکھنڈ پولو گراونڈ کا تنازعہ افہام و تفہیم سے حل کر لیا گیا

اشکومن(کریم رانجھا) ؔ چٹورکھنڈ پولو گراؤنڈ کا تنازعہ افہام وتفہیم سے حل کرلیا گیا،موجودہ گراؤنڈ کو اسی شکل میں برقرار رکھنے کا فیصلہ ،پولو کے شائقین کے لئے متبادل گراؤنڈ فوری تعمیر کیا جائے گا،تنازعے کے حل میں ثالثان اور ممبر قانون ساز اسمبلی نوازخان ناجی نے اہم کردار ادا کیا۔معتبر ذرائع کے مطا بق گزشتہ کئی سالوں سے جاری چٹورکھنڈ پولو گراؤنڈ کا تنازعہ مصالحت کے ذریعے حل کر لیا گیا ہے۔مصالحت کے لئے فریقین نے نمائندے مقرر کئے تھے ،پولو کھیلنے والے حضرات کی جانب سے راجہ عباس علی،راجہ وکیل اور سید دیدار علی شاہ نمائندے مقرر کئے گئے تھے جبکہ عوام چٹورکھنڈ کی جانب سے گل عجب خان نمبردار،عیسیٰ خان،سید سعادت شاہ ودیگر مقرر تھے ۔شہزادہ حسین جان اور نعیم انور نے ثالثان کا کردار ادا کیا نیز ممبر قانون ساز اسمبلی حلقہ 1نواز خان ناجی مصالحت کے عمل میں خصوصی طور پر شریک ہوئے۔عوام چٹورکھنڈ کا اعتراض تھا کہ پولو گراؤنڈ کے قرب وجوار میں تعلیمی ادارے ،عبادت خانہ اور عوام کی زیر کاشت اراضیات واقع ہیں ،پولو کھیلنے کی صورت میں ان عمارات ،فصلوں کو نقصان کا اندیشہ ہے نیز سکول کے بچوں کی پڑھائی بھی شدید متاثر ہوسکتی ہے۔فریقین کے نمائندوں نے ثالثان کے روبرو گفت وشنید کے بعد فیصلہ کیا کہ پولو کے شوقین حضرات کے لئے فوری طور پر متبادل پولو گراؤنڈ تعمیر کیا جائے ۔اس موقع پر ممبر قانون ساز اسمبلی نواز خان ناجی نے گراؤنڈ کی تعمیر کے لئے ہر ممکن مالی مدد کا یقین دلایااور کہا کہ گراؤنڈ کی تعمیر کے لئے چیف سیکریٹری سے مل کر جامع پلان ترتیب دیا جائے گا اور ہنگامی بنیادوں پر گراؤنڈ کی تعمیر عمل میں لایا جائے گا۔موجودہ پولو گراؤنڈ کے بارے میں طے پایا کہ اس گراؤنڈ کو اس کے اصل شکل میں برقرار رکھا جائے گا اور اس پر کسی بھی قسم کی تعمیرات پر مکمل پابندی ہوگی۔اس موقع پر مصالحت نامہ ضبط تحریر میں لایا گیا۔عوام علاقہ نے اس تنازعہ کے حل ہونے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button