صحت

ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال چترال کے ویمن اینڈ چلڈرن وارڈ میں ایک بستر پر تین بچے سُلائے جاتے ہیں، وقاص احمد خان

چترال (نمائندہ ) چترال کے معروف وکیل وقاص احمد خان نے کہاہے کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے ژانگ بازار میں واقع ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں جس سے عوام کو انتہائی مایوسی کا سامنا ہے اور یہ سب کچھ پی ٹی آئی حکومت کے بلند بانگ دعوؤں کی قلعی کھول دینے کے لئے کافی ہے۔

جمعرات کے روز چترال پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہسپتال کے وارڈوں میں ایک چار پائی پر تین تین بچے رکھے جاتے ہیں جس سے نہ صرف تیمارداروں کو مشکل کا سامنا ہوتا ہے بلکہ اس سے مرض ایک سے دوسرے میں منتقل ہونے کا بھی حدشہ ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پورے ہسپتال میں مریضوں کے لئے صرف ایک نیبولائزر ماسک موجود ہے جس کی قیمت ایک ہزار روپے ہے اور یہ بھی امراض کو ایک دوسرے میں منتقل کرنے کا باعث بن سکتی ہے۔

وقاص احمد ایڈوکیٹ نے کہاکہ ہسپتال میں تمام پرائیویٹ رومز کو ہسپتال کے اسٹاف ذاتی استعمال میں لارہے ہیں اور یہ بھی ایک کرپشن ہے جس کی انکوائری کے لئے نیب اور انٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ سے درخواست کی ہے کیونکہ ہسپتال کے کمروں کو ذاتی رہائش کے لئے استعمال کرنا کرپشن کے زمرے میں آتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ڈپٹی کمشنر چترال کا دفتر اور رہائش گاہ ہسپتال سے چند قدم کے فاصلے پر موجود ہونے کے باوجود وہ ہسپتال کی اس بدتریں بدانتظامی سے بے خبر ہیں یا شاید وہ یہ سمجھتا ہے کہ جو پروٹوکول ہسپتال کا عملہ خود انہیں دیتا ہے ، وہ عوام کو بھی دستیاب ہیں۔وقاص احمد ایڈوکیٹ نے اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ ہسپتا ل میں کئی گھوسٹ ملازمیں گھروں میں بیٹھے تنخواہ لے رہے ہیں جس کی باقاعدہ تحقیقات کی جانی چاہئے۔

انہوں نے ہسپتال کے نرس اسٹاف کے روئیے کو بھی مریضوں اور ا ن کے تیمارداروں کے ساتھ ہتک امیز قرار دیتے ہوئے کہاکہ وہ یونیفارم پہننے سے بھی احتراز کررہی ہیں جس کی وجہ سے ان کی شناخت بھی نہیں ہوسکتی ہے۔ انہوں نے پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اور خیبر پختونخوا کے چیف سیکرٹری سے بھی اس ہسپتال میں بدانتظامیوں کا سخت نوٹس لے کر انکوائری کا مطالبہ کیاجہاں مفت ادویات بھی غریب مریضوں کو دستیاب نہیں۔ بعدازاں صحافیوں کی ایک ٹیم نے جب ہسپتال کا وزٹ کیا تو ڈیوٹی پر موجود ایک ڈاکٹر نے ہسپتال میں صرف ایک نیبولائزر کی دستیابی اور پرائیویٹ رومز کی پرائیویٹ استعمال کی تصدیق کی۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button