چترال بازار میں سابقہ ٹریفک سسٹم میں کسی کو تکلیف نہیں تھی، موجودہ نظام بے فائدہ ہے، نامزد امیدوار تجاربرادری صدارت بشیر حسین آزاد
چترال(نمائندہ ) چترال تاجر دوست اتحاد کے نامزد اُمیدوار برائے صدارت بشیر حسین آزاد نے ضلعی حکومت کی طرف سے چترال بازار میں ون وے اور نوگو ایریاز قائم کرنے کے بعدایک اخباری بیان میں اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چترال بازار کے بہت سارے حصے لوگوں کی پہنچ سے دور ہوگئے ہیں۔مریضوں کو ہسپتال پہنچانے میں مشکلات پیدا ہوگئی ہیں۔دور دراز سے تھوک اور پرچون سودا کے لئے بازار آنے والوں کو تکلیف اور اذیت ملتی ہے۔تاجر دوست اتحاد نے واضح کیا ہے کہ سابقہ ٹریفک سسٹم میں کسی کو تکلیف نہیں تھی۔موجودہ انتظام سے کسی کو فائدہ نہیں ہوا۔نیز ضلعی حکومت نے چترال بازار میں ایم کیو ایم طرز کے نوگوایریاز قائم کرتے وقت تجار برادری اور عوامی نمائندوں کواعتماد میں نہیں لیا۔اس لئے دانش مندی کا تقاضا یہ ہے کہ عوامی نمائندوں اور تجار برادری کا نمائندہ اجلاس بلاکر مشاورت کے ذریعے نوگو ایریاز کو ختم کیا جائے۔بصورت دیگر تاجر دوست اتحاد وعدالت سے رجوع کرنے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔