خبریں
بارشوں اور برفباری کے بعد ضلع نگر میںسردی لوٹ آئی
نگر ( اقبال راجوا) دو دن کی بارش اور بالائی مقامات پر برف باری نے سرحدی اضلاع نگر اور ہنزہ میں جاتی سردی کے قدم جما دئے، ٹاؤن ایریاء میں جاری امتحانات کے امتحانی مراکز تک طلباء و طالبات کو پہنچنے میں شدید مشکلات پیش بھی آئیں۔ جاتی سردی رک جانے کی وجہ سے لوگوں نے گرم کپڑے واپس نکال لئے اور دوبارہ سارا دن اور رات انگیٹھیوں کے گرد گ تاپتے رہنے پر مجبور ہو گئے۔ نشیبی علاقوں میں بارش سے چھنس گاہ نگر سمیت دیگر کئی علاقوں میں سیلابی ریلوں اور اور لانی کے سبب شاہراہ قاراقرم سمیت متعدد علاقوں میں رابطہ سڑکیں بلاک ہو گئیں۔ جبکہ بالائی علاقے بر ویلی،چھپروٹ،شمشال، ہوپر،ہسپر اور پھکر میاں چھر کے لئے مختلف مقامات پر سڑکیں بلاک ہونے اور سلائیڈینگ کی وجہ سے لوگوں کے لئے آمد و رفت میں مشکلات میں بھی اضافہ ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ ۲۴ گھنٹوں سے نشیبی علاقوں مین جاری بارشوں اور پہاڑی مقامات پر برف باری کے سبب ضلع نگر کے تمام علاقوں مین جاتی سردی نے ایک بار پھر اپنے قدم گاڑھ لئے جس سے عوام نے ایک مرتبہ پھر گرم کپڑوں کا استعمال شروع کیا جب کہ بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے نشیبی علاقوں اور شہری علاقوں کے رابطے بھی منقطع ہو گئے ہیں۔ کچے سڑکوں والے علاقوں میں روڑز پر جا بجا کیچڑ اور گندگی میں اضافہ ہو گیا ہے جبکہ لینڈ سلائیڈنگ سے رابطہ سڑکیں بھی بند ہو چکی ہیں ۔ مسلسل بارش کے سبب دور دراز سے آنے والے طلباء طالبات اپنے اپنے امتحانی مراکز دور سے پہنچ گئے اور امتحانی پرچہ حل کرنے مین بھی اضافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ شاہراہ قراقرم زیرو پوئینٹ نگر چھنس گاہ کے نزدیک سیلابی ریلے کا ڈمپ ہونے کے سبب دوپہر تک بند رہی جبکہ دوپہر کے بعد بحال کیاگیا ۔ شاہراہ قراقرم بند ہونیکے سبب سڑک کے دونوں اطراف ہر قسم کی ٹریفک کی لمبی قطاریں لگ گئیں جبکہ مسافروں بالخصوص مریضوں اور ضعیف العمر مسافروں کے لئے شدید مشکلات درپیش رہیں، ٹاؤن ایریاء چھلت میں پینے کا صاف پانی اور بجلی گھر سے بجلی فراہمی بھی معطل کرنے پر عوامی مشکلات میں اور بھی اضافہ ہونے لگا۔ عوام کا ڈپٹی کمشنر سے پانی و بجلی بحال کرنے کے لئے رابطے بھی کئے گئے۔