خبریں
او پی ڈی بند کرنا زیب نہیںدیتا، ڈاکٹروںکو احتجاج کا شوق ہے تو نوکریاںچھوڑ کر سیاست میںآجائیں، سیکریٹری داخلہ
چلاس ( بیورو رپورٹ ) سیکرٹری داخلہ گلگت بلتستان جواد اکرم نے کہا ہے کہ ڈاکٹروں کو کسی صورت زیب نہیں دیتا کہ وہ ہسپتال بند کر کے احتجاج کریں ۔ اگر احتجاج کا اتنا ہی شوق ہے تو ملازمت چھوڑ کر سیاست میں آجائیں ۔ چیک پوسٹ پر پیش آنے والے واقعہ پر ڈاکٹروں کو او پی ڈی کا بائیکاٹ کرنے کی بجائے اعلیٰ حکام سے بات کرنی چاہئے تھی ۔ واقعے کی انکوائری کر کے قصور وار کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر دیامر ہاوٴس میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چلاس کے سینئر ڈاکٹرز ، ڈاکٹر نواز ، ڈاکٹر قاسم اور پریس کلب دیامر کے اراکین کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ڈی آئی جی گلگت ریجن گوہر نفیس ، کمشنر دیامر ڈویژن سید عبدالوحید شاہ ، ڈپٹی کمشنر دیامر دلدار احمد ملک ایس پی دیامر رائے محمد اجمل اسسٹنٹ کمشنر چلاس محمد بلال و دیگر بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اپنے پیشے کی لاج رکھیں ۔ ڈاکٹروں نے گزشتہ روز غیر قانونی احتجاج کیا ۔انہیں احتجاج کا قانونی راستہ اختیار کرنا چاہئے تھا ۔سرکاری ملازمین کو ہڑتال کرنے کا حق نہیں ۔ بعدازاں کمشنر اور ڈپٹی کمشنر اور ایس پی دیامر کے ساتھ تحریری معاہدے میں ڈاکٹروں نے چیک پوسٹ پر ڈاکٹر اور پولیس کے مابین تلخ کلامی کے واقعے پر بغیر تحقیق احتجاج کرنے پر معذرت کر لی اور کہا کہ آئندہ احتجاج کے غیر قانونی راستے اختیار نہیں کریں گے ۔ واقعے کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ دار فریق کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔۔۔۔