چترال میں گزشتہ رات سے بارش کا سلسلہ جاری، لٹکوہ میں‌ پہاڑی ملبہ گرنے سے سڑک تین گھنٹے بند رہی

چترال ( محکم الدین ) چترال کے مختلف مقامات میں گذشتہ رات سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا ۔ سب سے طویل بارش لٹکوہ میں ہوئی ۔ جس کا دورانیہ چوبیس گھنٹے تک جاری رہا ۔ مسلسل بارش سے لٹکوہ روڈ کڑاک کے مقام پر پہاڑی ملبہ گرنے کی وجہ سے تین گھنٹے بند رہا ۔ جسے بعد ازاں کھول دیا گیا ۔ تاہم روڈ کی بندش کے باعث لٹکوہ کا رابطہ چترال شہر سے منقطع رہا ۔ اور لوگوں کو انتہائی مشکلات کا سامنا کر نا پڑا ۔ لوٹکوہ پولیس کے مطابق بارش کا سلسلہ بدستور جاری ہے ۔ اور بادلوں نے پوری ویلی کو ڈھانپ لیا ہے ۔ اور لوگوں نے دوبارہ سردیوں کا لباس پہننا شروع کردیا ہے ۔ مستوج میں بارش کے ساتھ تیز آندھی رہی ۔ جس سے سردی کی شدت دوبارہ لوٹ آئی۔ لاسپور اور یارخون وادی میں بھی بارش اور بالائی پہاڑوں پر نئی برف پڑی ہے ۔ موڑکہو کے لوگوں نے مسلسل بارشوں پر خوشی کا اظہار کیا ہے ۔ علاقے کے باغات اور فصلیں جو عرصے سے پانی کے بوند بوند کو ترس رہے تھے ، دوبارہ جان پیدا ہوئی ہے اور خشک ندی نالوں میں بہت عرصے بعد پانی دیکھنے میں آئی ہے ۔ تاہم مقامی لوگوں کا کہنا ہے ۔ کہ اس بارش سے پہلے ہی گندم اور جو کی تمام فصلیں بے آبی سے ختم ہوگئی ہیں ۔ اور لوگوں نے اُن کی کٹائی کرکے مال مویشیوں کیلئے چارہ کے طور پر استعمال کیا ہے ۔ جاری بارشوں کے سلسلے سے پودوں کو بچانے میں مدد ملے گی ۔ چترال شہر اور اطراف کے تمام لوگوں نے بارش پر خوشی کا اظہار کیا ہے ۔ اور باران رحمت کو فصلوں ، باغات کے ساتھ انسانی زندگی کیلئے رحمت قرار دیا ہے ۔ بارشوں نے کالاش ویلیز ، چترال شہر اور اطراف کے دیہات کے حسن کو دوبالا کردیا ہے ۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments