پی ایس ڈی پی کےتحت گلگت بلتستان کے لئے چار بڑے منصوبوں کی منظوری
اسلام آباد (پ ر ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی داخلہ احسن اقبال کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس منعقد ہواجس میں وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن اور چیف سکیر ٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے بھی شرکت کی ،اجلاس میں گلگت بلتستان کے لئے وفاقی پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت چار بڑے منصوبوں کی منظوری دی گئی جن میں گلگت سٹی سیوریج فیز ٹو منصوبے کیلئے3 ارب85 کروڑ ،گلگت کارگہ ویلی روڑ کیلئے 75کروڑ چلاس ٹو ناران بٹو گاھ ویلی روڑ کیلئے 2ارب12 کروڑ ،جبکہ قراقرم یونیورسٹی میں طالبات کے کیمپس کی منظوری دی گئی،تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی و داخلہ احسن اقبال کی زیر صدارت اجلاس میں گلگت بلتستان کیلئے اہم منصوبوں کو وفاقی پی ایس ڈی پی میں شامل کر کے منظوری دی گئی ان منصوبوں کی منظوری کے بعد گلگت بلتستان میں ترقی کا عمل اور تیز ہوگا ،بالخصوص بٹو گاہ ناران روڑ اور کارگہ ویلی روڑ کی تعمیر سے گلگت بلتستان کے مواصلاتی نظام میں بہتری اور عوام کیلئے آسانیاں پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ سیاحتی شعبے میں انقلابی تبدیلیاں رونما ہوں گی،وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن اور گلگت بلتستان حکومت کی کوششوں سے مسلم لیگ ن کے دور حکومت کے ڈھائی برسوں میں وفاقی پی ایس ڈی پی کے اور گلگت بلتستان میں دیگر ترقیاتی منصوبے شروع ہوئے اس کی مثال گزشتہ ستر برسوں میں نہیں ملتی ،حالیہ اجلاس میں گلگت بلتستان کے لئے جن چار بڑے اہم منصوبوں کی منظوری دی اس سے گلگت کے عوام میں خوشی کی لہر دوڑی ہے۔