شگر میں اپینڈیکس کے مریضوںکی تعداد میں تشویش ناک اضافہ
شگر(عابدشگری) ضلع شگر کے مختلف علاقوں میں اپینڈکس کی بیماری پھیل گئی۔ روزبروز اس مرض میں مبتلاء افراد کی تعداد میں ہوشرباء اضافہ ہورہا ہے۔علاقے میں خوف و ہراس کی فضاء پیدا۔شگر وزیرپور،چھورکاہ اور الچوڑی میں درجنوں افراد روزانہ اس مرض میں مبتلاء ہوکر آپریشن کروانے پر مجبور،ڈی ایچ کیو ہسپتال سکردو میں شگر سے تعلق رکھنے والے اپینڈیکس مریضوں کی تعداد میں روزبروز اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ ایک بیڈ پر کئی کئی مریضوں کو رکھنے کا انکشاف۔
تفصیلات کے مطابق ضلع شگر کے علاقہ گلاب پور ،وزیر پور، چھورکاہ اور الچوڑی میں اپینڈکس کی غیر موذی بیماری نے وباء کی شکل اختیار کرگلی ہے۔
گذشتہ ایک سال کے دوران اب تک کئی سو افراد اس مرض میں مبتلاء ہوکر آپریشن کرواچکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس مرض میں مبتلاء زیادہ تر مریضوں کا تعلق ایک ہی خاندان اور نوجوان لڑکیوں پر مشتمل بتایا جاتا ہے۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق اس وقت ڈی ایچ کیو ہسپتال سکردو میں زیادہ تر اس مرض میں مبتلاء افراد کا تعلق شگر کے انہی علاقوں سے بتایا جاتا ہے۔اور روازنہ کی بنیاد پر انہی علاقوں سے درجنوں مریض آپریشن کیلئے سکردو ڈی ایچ کیو کا رخ کررہے ہیں۔
اس سلسلے میں عمائدین شگر نے سابق ضلع کونسل شگر و چیئرمین ایل ایس او مرکنجہ حاجی وزیر فداعلی کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر شگر ذاکر حسین سے ملاقات کی اور انہیں صورتحال سے آگاہ کرتے ہوے متاثرہ علاقوں میں ڈاکٹروں کی ٹیمیں بھیجنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحقیق کر کے یہ بیماری پھیلنے کی وجوہات سے بھی عوام الناس کو آگاہ کیا جائے، تاکہ حفاظتی تدابیر سے جان اور مال کا تحفظ ممکن ہو سکے۔
ڈپٹی کمشنر شگر ذاکر حسین اور ڈی ایچ او شگر ڈاکٹر صادق شاہ کی جانب سے فوری طور گلاب پور ،چھورکاہ اور الچوڑی میں میڈیکل کیمپ لگانے اور ڈاکٹروں کی ٹیموں کے ذریعے اسباب معلوم کرنے کی یقین دہانی بھی کی۔