خبریں

وزیر اعلی نے گوہر آباد دیامر کو تحصیل بنانے کا اعلان کردیا

چلاس (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے گونر فارم میں ایک بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے گوہر آباد کو تحصیل کا درجہ دینے کا اعلان کردیا۔تھک نیاٹ بابوسر اور گینی پر مشتمل تحصیل کا بھی جلد اعلان کیا جائے گا ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ تین ماہ کے عرصے میں چلاس میں ویسٹ منیجمنٹ کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس کے ساتھ ہی چلاس کا نقشہ تبدیل ہو جائے گا ۔گونرفارم دس بیڈ ہسپتال کو اپ گریڈ کر کے تیس بیڈ کیا جائے گا اور ضرورت پڑی تو پچاس بیڈ تک بڑھایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ناچ گانوں والی تبدیلی نہیں بلکہ حقیقی تبدیلی لائیں گے جہاں عوام خوشحال ہوں گے ۔ ضلع دیامر میں تیرہ ارب کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جسے اگلے سال پندرہ ارب کیا جائے گا ۔ یہ منصوبے صرف کاغذوں میں نہیں بلکہ گراؤنڈ میں موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سیاست پیغمبرانہ پیشہ ہے مگر چند چور لفنگوں نے سیاست کو بدنام کیا ۔ سیاست کے ذریعے لوگوں کو آپس میں جوڑا جاتا ہے مگر بعض سیاسی شخصیات نے ایک سیٹ کی خاطر لوگوں کو ذات پات میں تقسیم کر دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے بچوں کو بہتر مستقبل دینا ہے ذاتوں کی لڑائی سے نکلیں ۔ انہوں نے کہا کہ دھڑنگ پل این ایچ اے تعمیر کرے گی اگر این ایچ اے نے تعمیر نہیں کیا تو صوبائی حکومت تعمیر کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ بیروزگار نوجوانوں کو بغیر سود کے قرضے دئیے جائیں گے اور پرائیویٹ سود کرنے والوں کی پکڑ ہوگی ۔اس حوالے سے متعلقہ تھانوں اور انتظامیہ کو باقاعدہ آگاہ کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ دیامر کی ڈھائی لاکھ آبادی کے لئے پینسٹھ ہزار وزیراعظم ہیلتھ کارڈز آچکے ہیں مذید کارڈز بھی دینگے تاکہ غریب لوگ مستفید ہونگے انہوں نے کہا کہ معذور افراد ہمارے معاشرے کےاہم حصہ ہے حکومت ملازمت کے لئے اہل معذوروں کو ملازمت دے گی جبکہ جو ملازمت نہیں کر سکتے ہیں انہیں وظیفہ دیا جائے گا اور یہ وظیفہ ان کو گھر پہنچا دیا جائے گا انہوں نے کہا کہ دیامر میں دو ہزار چھ سو معذور افراد رجسٹرڈ کیا جاچکا ہے ۔۔انہوں نے کہا کہ عزت کےنام پہ جوبھی قتل کیا جائے گا اس کی پوسٹمارٹم کے بغیر تدفین کی گئی تو ایس پی ، ڈی سی سمیت سب کو معطل کیا جائے گا انسانی جان کا کوئی نعم البدل نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ میاں محمد نوازشریف کے نعرے ۔۔ووٹ کو عزت دو ۔۔۔کو اس لئے عوام میں پزیرائی مل رہی ہے کہ عوام یہ چاہتی ہے کہ جنہیں عوام منتخب کریں حکمرانی کا حق بھی صرف انکو حاصل ہے نہ کہ سازشی عناصر کو حاصل ہے انہوں نے کہا کہ قابل افراد کا کام خدمت کرنا ہے ۔۔انہوں نے پوری قوم سے التجاء کی کہ خدارا قومیت پرستی سے نکلیں اور ایک قوم بن کر جئیں اسی میں بھلا ہے ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ثوبیہ جبین مقدم نے وزیر اعلیٰ کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ انشاءاللہ وزیراعلیٰ کی قیادت میں دیامر کوکو دیگر اضلاع کے برابر لایا جائے گا ۔ نمبرون میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں کو پایہٴ تکمیل تک پہنچنے کا سہرا آپ کے سر ہے آپ کی گائیڈ لائن پر ہم ہی عمل کرتے ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ دھڑنگ آر سی سی پل ، ہائی سکول گوہر آباد کو ہائی سیکنڈری کا درجہ دیا.

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حنیف الرحمان مقدم ، ڈویژنل صدر مسلم لیگ ن دیامر حاجی غندل شاہ اور صدر مسلم لیگ ن دیامر عبدالوحید نے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے متعدد مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا کہ بونر اور نیاٹ ویلیز کی سڑکیں ، حفاظتی بند ، گرلز اور بوائز سکول ، اور تھک نیاٹ اوربابوسر پر مشتمل نئے تحصیل کابھی مطالبہ کیا ۔

 وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان نے گونر فارم کے مقام پر جلسے کے دوران سپاسنامہ اور عوام کی طرف سے کئے گئے ترقیاتی سکیموں کی مطالبے پر صوبائی وزیر تعمیرات عامہ ڈاکٹر اقبال کی قیادت میں صوبائی وزیر ثوبیہ جبیں مقدم ، حنیف الرحمان مقدم ، ڈویژنل صدر مسلم لیگ ن حاجی غندل شاہ اور مسلم لیگ ن دیامر کے صدر حاجی عبدالوحید پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جو ایک ہفتے میں ان سکیموں کے حوالے سے جو بھی رپورٹ پیش کرے گی اس پر من وعن عملدرآمد ہوگا ۔۔۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے گونر فارم میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نام لئے بغیر سابق وزیر تعمیرات اور پیپلز پارٹی کے رہنما بشیر احمد خان کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بشیر احمد خان کا شمار مسلم لیگ ن گلگت بلتستان کے بانیوں میں ہوتا تھا اور وہ شہید سیف الرحمن کے قریبی ساتھی تھے انہوں نے پارٹی کے ساتھ بیوفائی کی اور لالچ میں آکر پیسوں کی خاطر مشرف کی بنائی ہوئی پارٹی ق لیگ میں چلے گئے اور بعد میں کرپٹ پارٹی کا حصہ بنے اور حکومت کے ہر غلط فیصلوں میں برابر کے حصہ دار رہے یہی وجہ ہے کہ وہ گزشتہ انتخابات میں حلقے کے عوام کو منہ دیکھانے کے قابل نہیں رہے اگر وہ پارٹی نظریات اور اصولوں پر قائم رہتے تو آج میری جگہ پر ہوتے ۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ کے دیرینہ ساتھیوں حاجی غندل شاہ ، حاجی عبدالوحید ، محمدریاض ، عظمت اللہ ، مختار حسین ، ویگر کا نام لیکر کہا کہ ان کی ہمارے دل میں عزت و احترام اس لئے ہے کہ انہوں نے پارٹی کے ساتھ وفاداری نبھائی اور مشکل وقت میں کھڑے رہے ۔

وزیر تعمیرات عامہ گلگت بلتستان ڈاکٹر محمد اقبال نے گونر فارم جلسے میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح مردہ کبھی زندہ نہیں ہوتے اسی طرح پیپلزپارٹی بھی اب کبھی بھی زندہ نہیں ہو سکتی ۔ پیپلز پارٹی حق ملکیت اور حق حاکمیت کے نعرے سے عوام کو بےوقوف بنا رہی ہے ۔ پیپلزپارٹی والے بتائیں کہ انہوں نے اپنے دورحکومت میں عوام کو حق حاکمیت اور حق ملکیت کیوں نہیں دی ۔ انہوں نے کہا کہ مشرف کے جاتے ہی ق لیگ اور اصغر خان کے جاتے ہی تحریک استقلال ختم ہو گئی اسی طرح عمران خان کے جاتے ہی تحریک انصاف بھی ختم ہو جائے گی ۔ وزیر تعمیرات نے مزید کہا کہ دیامر میں لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کیلئے میرے فنڈز سے گرلز اسکول تعمیر کئے جائیں ۔ اگر جب تک ماں پڑھی لکھی نہیں ہو گی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button