حجاج کرام کے لئے سکردو میںتربیتی ورکشاپ کا اہتمام
سکردو(پ ر )وزارت مذہبی امور اور کاروان امین اللہ کے تعاون سے ایک روزہ حج تربیتی ورکشاپ ڈسٹرکٹ کونسل ہال سکردو میں ہوئی سیشن کاآغاز نو بجے صبح ہوا اس سیشن سے وزارت مذہبی امور کی طرف سے آئے ہو ئے مہمان تنویر اصغر،بابو عمران قریشی ،مولانا عبدالمالک نے حج کے انتظامی امور اور مناسک حج کے بارے میں تفصیلی بریفینگ دی اورساتھ ہی عملی طور پر احرام باندھنے کا طریقہ عازمین کو سکھایا انہوں نے اس سال کے خوش نصیب حجاج کرام کو فلسفہ حج ، احکام حج اور سفر حج کی احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا ۔ علمائے کرام نے کہا کہ حج بیت اللہ اسلامی برادری ، اخوت ، باہمی ہمدردی ، محبت ، برداشت ، جذبہ قربانی ،مساوات ، راہ خدا میں اتفاق اور تعاون کا درس دیتا ہے حج کے دوران ہر اس کام سے پر ہیز کرنا چاہئے کہ جس سے اسلام اور ملک وملت کی بدنامی ہو ۔ آخر میں شیخ محمد علی بلتستانی اورشیخ محمد امین نے حجاج کو ماڈل بنا کر اعمال حج کی عملی تربیت دی تربیتی ورکشاپ میں سکردو کے علاوہ دیگر اضلاع کے عازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔