چترال اے ٹیم نے ایک بارپھر گلگت اے ٹیم کو ناکوںچنے چبوا دیے
شندور ( محکم الدین ) بام دُنیا شندور کے خوبصورت سیاحتی مقام ( ماہوران پاڑ ) پولوگراؤنڈ پر کھیلا جانے والا فری سٹائل پولو کا تین روزہ فیسٹول اپنی رنگا رنگ پروگرام اور رعنائیوں کے ساتھ پیر کے رو ز اختتام پذیر ہوا ۔ شندور پولو فیسٹول کا فائنل میچ حسب روایت گلگت اے ٹیم اور چترال اے ٹیم کے مابین کھیلا گیا ۔ اس میچ کے مہمان خصوصی آئی جی نارتھ فرنٹئیر کور میجر جنرل وسیم اشرف تھے ۔ آخری دن کے اس میچ میں چترال اور اُسکے روایتی حریف گلگت کے مابین دلچسپ کھیل کھیلا گیا ۔ تاہم دفاعی چمپین چترال نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرکے اپنا اعزاز برقرار رکھا ۔ اور ٹرافی ایک مرتبہ پھر اپنے نام کر لی ۔ اُس وقت ملکی اور غیر ملکی سیاحوں اور مقامی شائقین کی جم غفیر میچ دیکھنے کیلئے موقع پر موجود تھی ۔ چترال اے ٹیم نے دس گول کئے جبکہ مد مقابل مشکل سے پانچ گول کر سکی ۔ میچ کے ہاف میں چترال سکاؤٹس بینڈ ، کلچر شو ، پیرا گلائڈنگ کے علاوہ سکول کے بچوں نے رنگارنگ فن کا مظاہرہ کرکے شائقین کو محظوظ کیا ۔ اور خوب داد وصول کی ۔ مہمان خصوصی میجر جنرل وسیم اشرف نے میلے کے کامیاب انعقاد پر سکیورٹی فورسز اورضلعی انتظامیہ چترال کی تعریف کی ۔ اور کہا ۔ کہ دُشوار گزار راستوں سے طویل فاصلہ طے کرکے شندور فیسٹول میں شرکت اس کی کامیابی کی دلیل ہے ۔ جو اس بات کو واضح کرتا ہے ۔ کہ امن و آشتی چترال سمیت پورے ملک میں لوٹ آئی ہے ۔ شندور فیسٹول میں امسال غیر ملکی سیاحوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اور سیاح تین دنوں تک دُنیا کے بلند ترین سیاحتی مقام شندور اور اس کے خوبصورت جھیل کنارے چترال اور گلگت کی ثقافت کا کُھل کر لطف اُٹھایا ۔ اس موقع پر سیکرٹری محکمہ سیاحت خیبر پختونخوا نے آیندہ سال شندور فیسٹول کو مزید وسعت دینے اور رنگینی پیدا کرنے کے عزم کا اظہار کیا ۔ مہمان خصوصی نے کھیل کے اختتام پر دفاعی چیمپین چترال اے ٹیم اور رنر اپ گلگت اے ٹیم کو نقد انعامات اور ٹرافی دی ۔ جبکہ آرمی پبلک سکول کے بچوں کیلئے 50ہزار اور پیرا گلائڈر کیلئے بھی انعام کا اعلان کیا ۔