اشکومن کے علاقے بدصوات میںسیلاب نے تباہی مچادی، اکیس مکانات دریا بُرد، جانی نقصان کی اطلاع نہیں
اشکومن(کریم رانجھا) ؔ نالہ برصوات میں سیلاب نے تباہی مچادی،اکیس گھرانے،ایک ٹیوٹا جیپ ،نو عدد موٹرسائیکل اور چالیس مویشی دریابرد،بدصوات سے آگے درجنوں دیہات زمینی رابطہ منقطع،کسی قسم کی جانی نقصان کی اطلاع نہیں۔ذرائع کے مطابق منگل اور بدھ کے درمیانی شب نالہ برصوات میں گلیشئر ٹوٹنے سے نالے کا پانی بلاک ہو گیا اور بعد ازاں دھماکے سے پھٹ گیا اور سیلابی ریلے کی شکل میں آکر دریائے اشکومن کا بہاؤ روک دیا جس سے پانی نے جھیل کی شکل اختیار کرلی اور نشیبی علاقوں کے گھروں میں داخل ہوگئی ،مقامی لوگوں نے بھاگ کر جان بچائی۔ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ مذکورہ جھیل سے دو گھنٹے بعد پانی کا اخراج شروع ہوچکا ہے لیکن نشیبی علاقوں کے لوگ بدستور محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہورہے ہیں۔بلہنز کے مقام پر بھی نشیبی علاقوں میں موجود گھروں کو نقصان پہنچنے کی اطلاع ہے اس کے علاوہ بیشتر مقامات پر سڑک کو بھی نقصان پہنچا ہے اور بلہنز سے آگے گاڑی کا جانا ناممکن بتایا جارہا ہے۔سیلاب کے باعث درجنوں دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے اور اشیائے خوردونوش سمیت طبی امداد کا بھی کوئی بندوبست نہیں کیا جاسکا ہے۔