اشکومن: سیلابی ریلے کا اخراج چوتھے روز بھی جاری، بلہنز کے مقام پر مرکزی سڑک بلاک
اشکومن(کریم رانجھا) ؔ نالہ برصوات سے سیلابی پانی کے اخراج کا سلسلہ جاری ،ضلعی انتظامیہ الرٹ،متا ثرین کے لئے ٹینٹ ویلیج قائم کردیا گیا،محکمہ صحت اور آغا خان ہیلتھ والوں نے سکول کی عمارت میں میڈیکل کیمپ قائم کردیا ،مریضوں کا علاج جاری،جی بی ڈی ایم اے کے ذمہ داران فوکس اور مقامی والنٹئیرز کے تعاون سے بحالی کے کاموں میں مصروف ،پانی کے بہاؤ میں اضافے کی وجہ سے بلہنز گاؤں کے نشیبی علاقوں میں مقیم افراد نے محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہونا شروع کردیا۔مورخہ 17جولائی کی شام نالہ برصوات میں گلئشئیر کے ٹوٹنے کی وجہ سے آنے والے سیلاب نے علاقے میں درجنوں گھروں کو نقصان پہنچایا اور اب تک وقفے وقفے سے سیلابی ریلہ آنے کا سلسلہ جاری ہے،بلہنز کے مقام پر دریائی کٹاؤ کے باعث مرکزی سڑک بلاک ہوچکی ہے.
ڈپٹی کمشنر غذر شجاع عالم نے محکمہ صحت،تعمیرات،جی بی ڈی ایم اے ودیگر محکموں کے ذمہ داران کے ہمراہ متاثرہ علاقے کا پیدل دورہ کیا اور خیمے ادویات سمیت دیگر ضروری سامان متاثرہ علاقے تک پہنچا دئے گئے ہیں ۔محکمہ صحت نے آغا خان ہیلتھ سروس کے تعاون سے میڈیکل کیمپ قائم کردیا ہے جہاں مریضوں کا علاج جاری ہے ،جی بی ڈی ایم اے اور فوکس کے اہلکاران بھی موقع پر پہنچ گئے ہیں اور بحالی کے کاموں میں حصہ لے رہ ہیں۔بلہنز کے مقام پر خیمہ بستی قائم کیا گیا ہے جہاں متاثرین کو سہولیات فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔