دیامر میںچرس فروشوںکا گروہ گرفتار، ایک کلو چرس اور اسلحہ برآمد
چلاس (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) دیامر پولیس کی کامیاب کارروائی ۔اے ایس پی کامران عامر کی قیادت میں اے ایس آئی مرجان ، حوالدار بشیر احمد ، اسلم ، تاج عالم اور رجی ولی نے شاہراہ قراقرم پر واقع ایک ہوٹل میں چھاپہ مار کر چرس فروخت کرنے والے گروہ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ۔اے ایس پی کامران عامر کے مطابق ہوٹل میں چھاپے کے دوران ایک کلو چرس کی چھوٹی چھوٹی پڑیاں ،ایک کلو گردا ، نقد رقم اور اسلحہ بھی برآمد کیا ہے ۔اور ہوٹل میں موجود چرس کے کاروبار سے وابستہ تمام افراد کو دھر لیا ہے ۔اے ایس پی کامران عامر نے کہا کہ ہم ضلع بھر میں منشیات کے کاروبار سے وابستہ افراد کیخلاف سخت ترین کارروائی کر رہے ہیں منشیات ناسور ہے اور اس کاروبار سے وابستہ لوگ آنیوالی نسل کو تباہ کر رہے ہیں ہم منشیات سمگلروں کو کسی صورت معاف نہیں کرینگے انہوں نے کہا کہ آج کی گرفتاری بہت بڑی کامیابی ہے کیونکہ یہ پورے چلاس شہر کیلئے چرس سپلائی کر رہے تھے ان کی مدد سے ہم اس گروہ کے گینگ تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ آئندہ کوئی فرد اس طرح کے کاروبار کرنے کا سوچ بھی نہیں سکے گا ۔انہوں نے کہا محکمہ پولیس گلگت بلتستان نے 2018 کو منشیات کے خاتمے کا سال قرار دیا ہے اور پولیس اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے منشیات فروشوں کو گرفتار کرے گی ۔انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس حوالے سے محکمہ پولیس سے بھرپور تعاون کریں تاکہ ہم سب ملکر اس گھناؤنے کاروبار سے وابستہ تمام افراد کو قانون کے شکنجے میں لائیں تاکہ ہم اپنی آنیوالی نسل کو اس عذاب سے محفوظ رکھ سکیں ۔۔۔