شرپسند عناصر اپنے ہتھکنڈوںسے ہمیںنہیںڈرا سکتے ہیں، آہنی ہاتھوںسے نمٹا جائے گا، لیفٹننٹ جنرل ندیم رضا
گلگت (پ ر) کمانڈر 10 Corps لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا نے فورس کمانڈر ناردرن ایریا ز میجرجنرل ثاقب محمود ملک، آئی جی گلگت بلتستان ثناء اللہ عباسی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان کے ہمراہ دیامر کا دورہ کیا۔ کمانڈر 10 Corpsنے متاثرہ سکولوں کا بھی دورہ کیا اور کہا کہ تعلیمی اداروں کو آگ لگا کر دہشت پھیلانے کی بزدلانہ کوشش قابلِ افسوس ہے اس واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
کمانڈر 10 Corpsنے کہا کہ شرپسند عناصر ایسے ہتھکنڈوں سے ہمیں ڈرا نہیں سکتے۔ دشمن چاہے رات کے اندھیرے میں وار کرے یا سامنے آ کر ، اس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ مزید براں انہوں نے کہا کہ اہل علاقہ اور جرگے کے افراد شرپسند عناصر کی نشاندہی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد کریں تا کہ دشمن کا ہمیشہ ہمیشہ کے لئے قلع قمع کیا جا سکے۔
کمانڈر نے کہا کہ اہل علاقہ کی طرف سے سکول کی از خود حفاظت کا اقدام لائقِ تعریف ہے۔ دیامر کے باسی پْرامن اور غیور پاکستانی ہیں۔ بعد ازاں کمانڈر 10 Corpsنے شہید عارف حسین کیلئے دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا کہ شہید کی شہادت پرہمیں فخر ہے جس نے اپنی جان اس دھرتی ماں کی حفاظت کی خاطر قربان کر دی۔ اللہ شہید کے درجات بلند فرمائے۔