ٹیچرز ایسوسی ایشن کا دیامر میںتعلیمی اداروںپر حملوںکے خلاف احتجاجی مظاہرہ
گلگت( سٹاف رپورٹر) دیامر میں تعلیم دشمن عناصر کے خلاف ٹیچرز بھی میدان میں نکل گئے اور دیامر میں تعلیم کو جاری رکھنے کا عزم کیا ہے۔ جمعہ کے روز ٹیچرز ایسوسی ایشن کی جانب سے دیامر میں سکولوں پر حملے کے خلاف احتجاج کیا۔ گورنمنٹ بوائز ہائی سکول نمبر 1سے ٹیچروں نے احتجاجی ریلی نکالی گئی جو اتحاد چوک پر ختم ہوئی ۔ اساتذہ نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈر اُٹھا رکھے تھے جن پر دیامر دشمن عناصر کے خلاف نعرے درج تھے۔ اتحاد چوک میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹیچرز ایسوسی ایشن حاجی شایدحسین نے کہا کہ دیامر میں ہمارے مستقبل کو تباہ کرنے کی سازش کی ہے جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ہم کل بھی ان عناصر سے نہیں ڈرے تھے اور آج بھی نہیں ڈریں گے۔اساتذہ اپنے مشن تعلیم کو جاری رکھیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ دیامر میں بچوں کو تعلیم دلانے میں اساتذہ متحد ہیں ۔ اُنہوں نے پاک فوج کے کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور گلگت بلتستان میں قیام امن کے لئے پاک فوج کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ اساتذہ پاک فوج کے ساتھ مل کر ان تعلیم دشمن عناصر کے خلاف جہاد کرینگے۔ ریلی سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیامر کے پرامن اور سادہ لوح عوام ایسے عناصر کے مذموم مقاصد کو کچل دینگے۔ دیامر کے عوام پرامن ہیں اور تعلیم دوست ہیں انشاللہ دیامر کے عوام اور طلباء ایسے شرپسند عناصر کی سرکوبی کرینگے۔ ریلی کے آخرمیں قرارداد پیش کیا گیا جس میں حکومت سے مطالبہ کیا کہ حالیہ دنوں رونما ہو نے والی دہشت گردی کے واقعہ میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے سہولیت کاروں کو گرفتار کر کے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے اور دیامر کے تمام سکولوں میں سیورٹی کی ذمہ داری جی بی اسکاوٹس کی دی جائے۔ریلی میں داریلی واقعے میں شہید پولیس اہلکار عارف حسین کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔