امن کے دشمن بچ نہیںسکتے ، بچیوںکی تعلیم کے دشمنوںکو کسی اور جہاں پہنچا دیںگے، آئی جی عباسی
غذر(دردانہ شیر ) آئی جی پی گلگت بلتستان ثنااللہ عباسی نے گاہکوچ میں علماء کرام ، اسماعیلی ریجنل کونسل پونیال اشکومن ، غذر امن کمیٹی اور انجمن تاجران کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برائی اور اچھائی کے درمیان جنگ ازل سے شروع ہوئی ہے اور ابد تک جاری رہیگی ۔ پوری طاقت کے ساتھ برائیوں کو کچلنے کے لئے میدان میں موجود ہیں گلگت بلتستان کو علم دشمن طاقتوں سے پاک کرکے دم لیں گے ۔ بچیوں کی تعلیم کے دشمنوں کے لئے یہ دنیا مناسب نہیں ہے ان کو کسی اور جہان میں پہنچادیں گے ۔قیام امن اور عوام کی جان و مال کی تحفظ کی خاطر پولیس کی جوانوں کی قربانیوں پر پوری قو م کو فخر ہے۔ کارگاہ نالہ اور تانگیر میں جام شہادت نوش کرنے والے پولیس جوانوں نے ہمارا سر فخر بلند کردیا ہے ۔ انہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیکر گلگت بلتستان کے سب سے بڑے دہشت گرد کمانڈر خلیل کو ہلاک کردیا ہے کمانڈر خلیل الرحمان اور ان کے ساتھی کی ہلاکت ہماری بہت بڑی کامیابی ہے۔ کمانڈر خلیل الرحمان کو ایک دہشت گرد کے طور پر پورا گلگت بلتستان جانتا ہے ہم نے دہشت گردی کے مرکزی کردار کو صفحہ ہستی سے مٹا دیا ہے۔ جو لوگ امن کے دشمن ہوں گے وہ ہمارے ہاتھوں سے بچ کر نہیں جاسکتے ہیں عوام کا بھر پور تعاون اور دعائیں ہمارے ساتھ ہیں پولیس نفری میں اضافے کے لئے علاوہ ضلع غذر کے تمام نالہ جات کو محفوظ بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں یہ مٹھی بھر دہشت گرد نہ تو ہمیں ڈرا سکتے ہیں اور نہ ہی عوام میں خو ف وہراس پھیلا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سماج دشمن عناصر کا قلع قمع کرنا پولیس کی ذمہ داری ہے اس ذمہ داری کو نبھانے میں پاک فوج اور انٹیلی جنس اداروں کی بھر پور مدد اور معاونت ہمارے ساتھ ہے جس کے بدولت پورے اعتماد سے کہہ سکتے ہیں کہ ہم اس معاشرے سے جرائم کا مکمل خاتمہ کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے ۔گلگت بلتستان پولیس انتہائی ایماندار اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے مالا مال ہے ۔ عوام کا پولیس کی تعریف اور ان پر اعتماد ہمارے لئے انتہائی مسرت کا باعث ہے ۔ پولیس فورس کو مزید فعال بنانے کے لئے جامع حکمت عملی تیار کر رہے ہیں ۔ پولیس فورس کی کمی کو پورا کرنے کے لئے نئی بھرتیاں بھی کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ قیام امن کے باعث یہ علاقہ ترقی کے میدان میں بہت آگے جار ہا ہے اور مستقبل میں یہی صورتحال برقرار رہے گی انہوں نے کہا کہ ضلع غذر ایک انتہائی پرامن علاقہ ہے اس امن میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ساتھ مقامی کمیونٹیز کا بھی بھر پور کردار ہے ۔ بحیثیت مسلمان سب سے پہلے ہم اللہ کے دربار میں اور بعد ازاں پبلک سرونٹ ہونے کے ناطے عوام کے سامنے جوابدہ ہیں عوام ہم سے ہر حال میں جواب طلب کرسکتی ہے اور ہماری اولین ذمہ داری ہے کہ ہم عوام کو مطمئن کریں ۔ عوامی ٹیکسز سے تنخواہ لیتے ہیں اور عوام ہی کی تحفظ کا عزم کیا ہوا ہے ۔ گلگت بلتستان میں اس وقت سیاحوں کی بڑی تعداد موجو د ہے اور بغیر کسی خوف کے اس علاقے کی خوبصورتی کو انجوائے کر رہی ہے ۔ سیاحوں کو بھی علم ہے کہ مٹھی بھر عناصر اس پرامن علاقے کی فضا خراب کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکتے ہیں ۔ اس سے قبل کوارڈینٹر امن کمیٹی غذر مقصد میر ، تنظیم اہل سنت والجماعت کے مولانا غفران احمد ، اسماعیلی ریجنل کونسل پونیال اشکومن کے صدر بلبل خان ، انجمن تاجران گاہکوچ کے صدر محمد یونس نے بھی اظہار خیال کیا ۔ اس موقع پر مقررین نے پولیس کی بہترین کارکردگی تعریف کی اور جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کی بہادری کو شاندار الفاظ میں سراہا۔ مقررین نے غذر پولیس کا کارکردگی باالخصوص ایس ایس پی سلطان فیصل کے بہتر کردار کو بھی سراہا ۔ اس موقع پر غذر امن کمیٹی کی جانب سے ضلع غذر کو امن و امان کے حوالے درپیش مسائل اور چیلنجز پر بریفنگ دی گئی ۔ اسی دوران کارگاہ نالہ میں دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے تین پولیس جوانوں اور تانگیر میں دوران آپریشن شہید ہونے والے جوان کی درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی