چترال (بشیر حسین آزاد) وائلڈ لائف سب ڈویژن چترال کے ایس ڈی ایف او الطاف علی شاہ نے بدھ کے روز اپنے عملے کے ہمراہ گندمی عقاب (Tawny Eagle)نامی باز کو چترال گول کے احاطے میں آزاد کردیا جسے گزشتہ روز چترال شہر کے نواحی گاؤں بوختولی اونگوش میں ایک شخص عبادت شاہ نے غیر قانونی طور پر پکڑنے کے بعد اپنے گھرمیں رکھا تھا۔
الطاف علی شاہ نے عقاب کو آزاد کرنے کے وقت موجود میڈیا کو بتایاکہ عقاب کو چترال گول نیشنل پارک کے علاقے میں آزادکرنے کی وجہ یہ تھی کہ یہ اس کا مسکن ہے کیونکہ اس پارک میں مختلف اقسام کے عقاب کثیر تعداد میں پائے جاتے ہیں جن میں گندمی عقاب بھی شامل ہے ۔انہوں نے کہاکہ انہوں نے ایک پیشگی اطلاع پر محکمے کے ڈپٹی رینجر نصیر احمداور واچر جمشید عالم اور دوسروں پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی جس نے ملزم سے عقاب برآمد کرکے اپنے قبضے میں لے لیا تھا۔ ان کا کہنا تھاکہ آزاد کردہ عقاب اب غیر قانونی شکاریوں کے ہاتھوں دوبارہ پکڑے جانے کے خطرے سے آزاد ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملزم کے خلاف وائلڈ لائف ایکٹ 2015ء کے تحت پرچہ کاٹ دیا گیا ہے۔