زکواۃ و عشر کی رقم حقداروںتک پہنچا رہے ہیں، مستحقین کے علاج معالجے کے لئے 32 لاکھ روپے موجود ہیں، سید اسلم شاہ، چیرمین دیامر
چلاس(مجیب الرحمان) زکواۃ و عشر کی رقم امانت سمجھ کر شفاف انداز میں حقداروں تک پہنچا رہے ہیں۔مختصر عرصے کے دوران دیامر میں مستحقین کے علاج معالجے کے لئے تقریباً بتیس لاکھ سے زائد رقوم فراہم کی ہیں۔بیس ہزار سے زائد طلباء و طالبات کے تعلیمی اخراجات ،ساڑھے چھے ہزار سے زائد مستحقین کی مالی معاونت،پانچ سو سے زائد غریبوں کی شادی کے اخراجات میں مدد کی ہے۔ان خیالات کا اظہار چئیرمین زکواٰۃ و عشر کمیٹی دیامر سید اسلم شاہ نے اخباری نمائندے کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ان کاکہنا تھا کہ دیامر میں اسی فیصد سے زائد افراد مستحق ہیں ۔جن کی صحت،تعلیم اور دیگر ضروریات پوری کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ہمارے پاس وسائل محدود ہیں ،مزید فنڈز مختص کرنے کی ضرورت ہے۔فنڈز بڑھانے کے لئے کوششیں جاری ہیں۔محدود وسائل کے باوجود لاچاروں ،بیواؤں اور یتیموں کی بھر پور معاونت اور ان کا حق ان تک دیانتداری سے پہنچا رہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ انہیں غریبوں کی خدمت کا موقع ملا ہے۔اور غریبوں کی پائی پائی کی حفاظت ان کی اولین ترجیح اور ذمہ داری ہے۔۔