خبریں

گلگت بلتستان حکومت ہلال احمر کو سالانہ گرانٹ دینے پر غور کر رہی ہے، شمس میر

گلگت(پ ر) مشیراطلاعات گلگت بلتستان شمس میرنے کہا ہے کہ گلگت بلتستان سطح پر وقوع پذیر ہونے والے قدرتی آفات سے متاثرین کی امدادوبحالی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادمیں قدرتی آفات اور ابتدائی طبی امداد سے متعلق شعوراجاگرکرنے میں ہلال احمرپاکستان کی خدمات لائق تحسین ہیں مگر ماضی میں اس اہم قومی ادارے پرحکومتی توجہ نہ ہونے کے سبب کافی مشکلات کا شکار رہا لیکن پاکستان مسلم لیگ (ن) کی صوبائی حکومت دیگراداروں کی طرح ہلال احمرکوسالانہ بجٹ میں کوئی گرانٹ دینے پر غورکررہی تاکہ یہ ادارہ مذیدفعال اندازمیں دکھی انسانیت کی خدمت کرسکے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعرات کو ہلال احمرپاکستان کے گلگت بلتستان برانچ کی جانب سے صحافیوں کے لئے منعقدہ فرسٹ ایڈ ٹرنینگ کی اختتامی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یورپ میں کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ریڈکراس کی خدمات حاصل کی جاتی ہے اور حکومت اور عوام دل کھول کر اس ادارے کو عطیات دیتے ہیں لیکن پاکستان میں اس ادارے کی طرف نہ حکومت کی جانب سے کوئی توجہ دی گئی نہ ہی عوام کی طرف سے عطیات دینے کا کوئی رجحان ہے حالانکہ ملک میں قدرتی آفات کے دوران ہلال احمرپاکستان کی فلاحی خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان مختلف اوقات میں متعددحوالوں سے ارتقائی مراحل سے دوچار رہا اور اب کی بارکی ارتقامیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سابق دفاقی حکومت کی جانب سے آرڈر2018کے تحت ایک بہترین پیکیج دیا گیا تھا جوکہ آزادکشمیراور فاٹامیں کئے جانے والی اصلاحات سے کئی گنا بہترتھا مگربدقسمتی سے صوبائی حکومت کو اس پر عملدرآمدکرانے نہیں دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حکومت علاقے کی تعمیروترقی کے ساتھ ساتھ اداروں کی بہتری اور استحکام کے حوالے سے بھی کام کررہی ہے جس کے طویل المدتی ثمرات عوام اور علاقے کو حاصل ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی ہدایت پر محکمہ اطلاعات کی جانب سے صحافیوں کی فلاح وبہبودکے لئے متعدداقدامات کئے جارہے ہیں جن میں ہیلتھ انشورنش، ویج بورڈ ایوارڈ، میڈیا اور ایڈورٹائزنگ پالیسی وغیرہ شامل ہیں تاکہ اس سے صحافیوں کو اپنے پیشہ ورانہ امورکی انجام دہی میں آسانی ہوسکے۔ انہوں نے صحافیوں پر زوردیاکہ وہ بھی احساس ذمہ داری کے ساتھ صحافت کو اپنا شعاربنائیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سکریٹری اطلاعات گلگت بلتستان فداحسین نے کہا کہ ہلال احمرکی جانب سے صحافیوں کے لئے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد ایک مستحسن اقدام اس سلسلے محکمہ اطلاعات کی جانب سے بھی صحافیوں کی تربیت کے حوالے سے ٹرنینگ ورکشاپس اور سمینارزکے انعقادکیا جایئگا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات ایک نوزائندہ ادارہ ہے جس کی بہتری کے لئے صحافی حضرات اپنی اراء اور تجاویز کے ذریعے ہماری رہنمائی کریں تاکہ یہ ادارہ حکومتی اقدامات کو مثبت اندازمیں عوام الناس تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ صحافیوں کی فلاح وبہبودکے لئے بھی اقدامات کرسکے۔ قبل ازیں ہلال احمرگلگت بلتستان کے کمیونیکیشن منیجرصفدرعلی نے ادارے کی جانب سے صحافیوں کے لئے منعقدہ ورکشاپ کے اغراض ومقاص بیان کئے۔ تقریب سے ریڈیوپاکستان گلگت کے اسٹیشن ڈائریکٹرمحمدجاوید باجوہ، کنٹرولرشعبہ خبرشیرمحمد اور سنیئرصحافی سبخان سہیل نے بھی خطاب کیا۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button