میری خواہش ہے کہ پاکستان کے دیگر اضلاع میںبھی ہنزہ جیسی شرحخواندگی ہو، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی
ہنزہ (اکرام نجمی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے نجی دروہ ہنزہ کے تیسرے روز آغاخان ہائیر سیکنڈری سکول کا دورہ کیا۔ اس دوران صدر مملکت نے طالبات سے بات کرتے ہوئے ہز ہائینس پرنس کریم آغاخان کی پاکستان میں صحت اورخاص کر بچیوں کی تعلیم کے لئے خدمات کو سراہا۔اس موقعے پر ٹاوٗن منیجمنٹ کریم آباد ہنزہ کے ایک وفد سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہنزہ کے ثقافتی ورثے کی حفاظت آپکی زمہ داری ہے۔
صدر مملکت اور خاتون اول نے التت کے فورٹ اور آغاخان کلچر سروس کے زیر نگرانی خواتین کو ہنر مند بنانے کیلئے قائم پروجیکٹ سقم کا بھی دورہ کیا۔
التت ٹاون منیجمنٹ سوسائٹی کی جانب سے منعقد رنگارنگ ثقافتی پروگرام میں شرکت کے بعد صدرمملکت نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بیس سال قبل ہنزہ کا دورہ کیا تھا۔ اس دور کے ہنزہ میں اور آج کے ہنزہ میں بہت فرق ہے۔ میں پرنس کریم آغاخان کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے صحت اور تعلیم سمیت ملک بھر میں بے انتہا کام کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آغا خان یونیوریسٹی ملک میں تعلیمی شعبے میں قائدانہ کردار کا حامل ہے۔ آغا خان رورل سپورٹ پروگرام کے بارے میں پارٹی اجلاس کے دوران بھی میں نے بات کی ہے۔ ہنزہ کی شرح خواندگی قابل تعریف ہے، اور میری خواہش ہے کہ ملک کے دیگر اضلاع میںٰ بھی ہنزہ جیسی شرح خواندگی ہو۔
صدر مملکت نے کہا کہ اس علاقے میں کمیونٹی نے اجتماعی ترقی کے لئے جو کام کیا ہے، بالخصوص خواتین کی ترقی کے لئے، وہ پاکستان کے لئے ایک مثال ہے۔ ہنزہ ایک انتہائی خوبصورت وادی ہے۔ شاہراہ قراقرم نے علاقے کی ترقی میں اہم کردار کیا ہے۔ سیاحت بڑھنے کے ساتھ ساتھ علاقے میں مزید ترقی ہوگی۔ ملک میں امن و امان اور یگانگت قائم رہے گی تو ترقی اور خوشحالی آئے گی۔
صدر مملکت نے اپنے دورے کے موقعے پر پاکستان تحریک انصاف کی ضلعی قیادت سے بھی تفصیلی ملاقات کی جس میں ہنزہ کے اجتماعی مسائل کے حوالے سے صدر مملکت کو اگاہ کیا گیا ۔