اہم ترین

معذور افراد کے لئے بجٹ میں 5کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان

گلگت( فرمان کریم) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے عالمی یوم معذوراں کے موقع پر گلگت پریس کلب میں منقعدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت گلگت بلتستان میں معذور افراد کی بحالی کے لئے کوشاں ہے ۔ معذور افراد کے لئے بجٹ میں 5کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ معذور افراد کے لئے تعلیمی اداروں میں فیس معاف کیا گیا ہے اور ان افراد کی تعلیم و صحت پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ اسپیشل افراد کے لئے صحت کارڈ کا اجراء کیا جا رہا ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ معذور افراد کے متعلق پہلے اتنا احساس نہیں تھا۔ اپنے دورہ یورپ میں معذور افراد کو دی گئی سہولیات اور حقوق دیکھ کر احسا س ہوا کہ ہم نام کے مسلمان ہیں، اصل اسلام یورپ میں ہے جہاں پر معذور افراد کے لئے سٹرکیں اور فٹ پاتھ بھی اسپیشل طور پر بنائی گئی ہے۔ گلگت بلتستان میں سابق حکومتوں نے معذور افراد کے لئے کچھ نہیں کیا ہے ہم نے حکومت سنبھالی تو پورے صوبے میں معذور افراد کے لئے صرف ایک سکول تھا وہ بھی غیر فعال تھا۔ ہم نے اب تک چار سکول قائم کیں۔ انشااللہ آئندہ دو سال کے دوران تمام اضلاع میں معذور افراد کے لئے سکول قائم کئے جائیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ معذور افراد کے لئے خصوصی قانون سازی کی جارہی ہے جس کے تحت انہیں وہ تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی جو ان کی ضرورت ہے۔ تعلیم صحت اور سرکاری اداروں میں ملازمت کے کوٹے پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا ہماری حکومت میں اب تک 100سے زائد اسپیشل افراد کو ملازمتیں فراہم کی جا چکی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے اسپیشل افراد کے لئے تمام تعلیمی اداروں میں مفت تعلیم سہولیات فراہم کی جائیں گی جب کہ روزگار کی فراہم سمیت جو افراد کام کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے اُنہیں گھر میں بیٹھا کر معقول وظیفہ دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ سیکریڑیٹ اور چیف سیکرٹری آفس کی سیڑھیاں توڑ کر ریمپ بنائیں گے تاکہ معذور افراد کی رسائی ممکن ہو ۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم نے گزشتہ سال معذور افراد کے حقوق کی فراہمی کے لئے پورے صوبے میں سروے کرایا اُس دوران ساڑھے آٹھ ہزار اسپیشل افراد کی لسٹ تیار کی گئی ہے۔ اس معاملے کو مزید جاری رکھیں گے اور تمام معذور افراد کا ریکارڈ حاصل کرینگے۔

اس سےپہلے معذور افراد کی ریلی گلگت پریس کلب کے باہر نکالی جارہی تھی کہ وزیراعلیٰ اسمبلی اجلاس کے لئے گلگت بلتستان اسمبلی جوٹیال کی طرف جارہے تھے ریلی کو دیکھ کر وزیراعلیٰ اپنے گاڑی سے اُتر گئے اور معذور افراد کے ساتھ گھل مل گئے اور گلگت پریس کلب میں منقعدہ تقریب میں شریک ہوئے ۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button