خبریں

نگر، ہلال احمرکی جانب سے منصوبوں کو تکمیل کے بعد دیہی تنظیمات کے سپردکر دیا گیا

نگر(پ ر) ہلال احمرپاکستان اور ڈنیش ریڈکراس کے باہمی اشتراک سے ضلع نگر کے دورآفتادہ علاقے ہوپر میں جاری عوامی فلاح وبہبود کے ایک جامع منصوبے کے تحت یونین کونسل ہوپرکے مختلف گاؤں میں مجموعی طورپر ایک کروڑ 30لاکھ کے مختلف نوعیت کے ذیلی منصوبے تکمیل کے بعد دیہی تنظیمات اور مقامی لوگوں کے سپرد کردیئے گئے۔ ہلال احمرگلگت بلتستان برانچ کی سرپرستی میں ہلال احمرنگر ضلعی برانچ کے زیرنگرانی تعمیرہونے والے ان منصوبوں میں ہوپر یونین کونسل کے گاؤں ہکلشل میں زرعی زمنیوں کو سیراب کرنے کے لئے سولہ لاکھ کی لاگت سے پانی کے ذخیرے کے لئے ار سی سی ٹینکیکی تعمیر، گاؤں رتل میں سیلاب کی تباہی کو روکنے کی غرض سے221 فٹ آر سی سی بند،گاؤں بروشل میں تقریباً چار کلومیٹر رقبے پر مشتمل اراضی میں پھلدار درختوں کی حفاظت کا منصوبہ اور گاؤں شکامتین میں ایک ہزار فٹ لمبائی پر مشتمل واٹر چینل کی مرمت اور گاؤں ہکلشل میں عوامی اجتماعات،تقاریب اور نماز عیدین کی ادائیگی کی غرض سے ایک محفوظ پناہ گاہ بھی تعمیر کیاگیا۔ منصوبے کے تحت یونین کونسل ہوپرکے مختلف گاؤں میں مجموعی طورپر ایک سو کے قریب خواتین کو سلائی کڑائی کی تربیت کی فراہمی کے علاوہ کوکنگ، مرغبانی، سبزیوں اور پھلوں کی پیداوار سے متعلق خاص تربیت کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ٹرنینگ کی شرکاء کو سیلائی مشنیں، انڈے دینے والی مرغیاں اور پھلوں کوسکھانے والے آلات کی فراہمی کے منصوبے شامل تھے۔

اس سلسلے میں ہلال احمرنگربرانچ کے زیراہتمام گزشتہ روزہوپرنگرمیں ایک پروقارتقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی مہمان خصوصی ہلال احمرگلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری نورالعین تھیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نورالعین نے کہا کہ ہلال احمر پاکستان اور ڈنیش ریڈکراس کے باہمی اشتراک سے ہوپر نگر میں جاری اس منصوبے کا مقصد مقامی لوگوں کوزندگی کی بنیادی ضروریات کی فراہمی، قدرتی آفات سے بچاؤ کے لئے اقدامات کے ساتھ ساتھ مقامی خواتین کو ہنرمند بناکرباعزت روزگارکمانے کے قابل بنانا تھا جس میں اللہ کے فضل وکرم اور مقامی عوام کے تعاون سے پہلے سال میں ہی خاطرخواہ کامیابی حاصل ہوئی ہے جوکہ ہلال احمرکے لئے کسی اعزاز سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہلال احمرکی جانب سے ان منصوبوں کو تکمیل کے بعد دیہی تنظیمات کے سپردکرنے کا مقصداس طرح کے فلاحی منصوبوں میں عوامی شراکت داری کو یقینی بنانا ہے تاکہ وہ احساس ذمہ داری کے ساتھ ان منصوبوں کی بہترنگرانی کو یقینی بناسکیں۔

اس موقع پر معروف عالم دین آغا محمد تقی عابدی، صوبیدار(ر) حاجی محمدعلی، موسی علی ودیگرنے اپنے خطاب میں ہوپرجیسے دورآفتادہ علاقے میں اس طرح کے اہم منصوبے کے اجراء پر ہلال احمرپاکستان اور ڈنیش ریڈکراس کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اپنی جانب سے اس طرح کے فلاحی منصوبوں کی تعمیرکے سلسلے میں ہرقسم کے تعاون ومددکی یقین دہانی بھی کرائی۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button