خبریں
نیٹکو نے آن لائن بکنگ کی سہولت مہیا کرنے سمیت مختلف اصلاحات کا فیصلہ کر لیا
گلگت (پ ر) چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کیپٹن (ر) خرم آغا جو کہ نیٹکو کے چیئرمین بھی ہیں کی ہدایات کی روشنی میں منیجنگ ڈائریکٹر نیٹکو عاصم ٹوانہ کی سربراہی میں ادارے کے استحکام اور ترقی کے لئے قلیل المدتی، درمیانی اور طویل المدتی اصلاحات متعارف کرائی جارہی ہیں ۔ ان اصلاحات کے مکمل نفاذ کو یقینی بنانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار نیٹکو کی طرف سے جاری کئے گئے ایک اخباری بیان میں کیا ہے بیان میں کہا گیا ہے کہ قلیل المدتی اصلاحات میں عنقریب آن لائن بکنک نظام کو متعارف کرایا جارہا ہے ۔اس حوالے سے تمام انتظام مکمل کر لئے ہیں ، ادارے میں سیاحت و ثقافت کی ترقی کے لئے سالانہ تقریبات پر مشتمل کلینڈر ترتیب دیا جارہا ہے جو کہ آخری مراحل میں ہے ۔ ادارے میں کارپوریٹ کلچر کو متعارف کرانے کیلئے نیٹکو کے ڈرائیوروں کے لئے یونیفارم مہیا کیا جارہا ہے ۔ سٹیشنوں میں موجود انتظارگاہوں کی تزئین و آرائش کے کام کا عنقریب آغاز کیا جارہا ہے۔آفیسروں کو اختیارت نگرانی کے نظام کے ساتھ تفویض کئے جارہے ہیں۔ادارے کے مرکزی دفتر کے ساتھ ساتھ دیگر دفاتر کی بحالی پر کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔ درمیانی مدت کی اصلاحات میں کاروباری مواقعوں کے ذریعے آمدنی میں اضافے کے ساتھ تجارتی حجم میں اضافے، گاڑیوں کی مرمت اور نگرانی کے طریقہ کار میں شفافیت لانے کے لئے آن لائن نظام کو متعارف کرانا ،مسافروں اور صارفین کے لئے مراعاتی سہولیات،علاقے میں سیاحت کی ترقی کے لئے بس سروس ،معیاری اور ارزاں نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی کے لئے وئیر ہاوس کا قیام اورنیٹکو قوانین کو ملازم دوست بنانے کے لئے نظر ثانی شامل ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ قلیل المدتی اصلاحات میں پاکستان سٹیٹ آئیل اور دیگر آئیل کمپنیوں کے ساتھ ملکر ملک کے دیگر حصوں سے جی بی کے لئے آئیل کی ترسیل،آئیل کمپنیوں کے اشتراک سے آئیل ڈپو کا قیام ، نیٹکو سٹور ڈیپارنمنٹ کا اشتراکی ڈھانچہ، جو ٹیال میں عہد جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ بس ٹرمینل کا قیام ، نیٹکو کارگو بیڑے کی کارکردگی کو مزید موثر بنانااور نیٹکو کے منجمد اور متحرک اثاثے سے آمدنی کا حصول شامل ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ان اصلاحات کے مکمل نفاذ کے بعد ادارے میں تجارتی وسعت آئے گی ۔نئے منصوبوں سے علاقے میں خوشحالی کے ساتھ روزگار کے مواقعے بھی پیدا ہوں گے۔