ماحولچترال

لواری ٹنل ایریا میں برف کا تودہ گرنے سے 7افراد جان بحق اور7 زخمی ہو گئے

چترال ( محکم الدین ) لواری ٹنل ایریا میں ٹنل کی تعمیراتی کورین کمپنی سامبو کے آٹو ورکشاپ پر برف کا تودہ گرنے سے 7افراد جان بحق اور7 زخمی ہو گئے ۔ ڈپٹی کمشنر کنٹرول روم چترال کے مطابق اتوار کی صبح لواری ٹنل کی تعمیراتی کمپنی کے آٹو ورکشاپ پر اُس وقت برف کا تودہ گراجب ورکشاپ کے اندر کئی افراد کام کر رہے تھے ۔ ابتدائی طور پر دبے ہوئے افراد کی صحیح تعداد کے بارے میں معلومات نہ ہو سکیں ۔ تاہم گیارہ سے پندرہ افراد کی تعداد کا شبہ ظاہر کیا جا رہا تھا ۔ تودہ گرتے ہی ہنگامی بنیا دوں پر موقع پر موجود مشینریز کے ذریعے امدادی کاروائیاں شروع کی گئیں اور 7افراد کو زخمی حالت میں زندہ نکال لیا گیا ۔ جبکہ چھ افراد کی لاشیں نکال لی گئیں ۔ جان بحق ہونے والوں میں رحمت زادہ ، جلال اور رحمت غازی المعروف الیاس کا تعلق دروش سے ہے جبکہ حاجی افتخا ر ، کامران آصف اور ندیم کا تعلق پنجاب سے ہے ۔ زخمیوں میں الطاف حسین ، زمرد حسین اور قیصر حسین پنجاب ، شکیل جنجریت دروش ،گل عالم کیسو ، بہادر شاہ دروش اور مجیب ساکن ارسون شامل ہیں ۔ زخمیوں میں دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جنہیں فوری طور پر پشاور روانہ کر دیا گیا ہے ۔ جائے حادثہ پر اوپر سے مزید تودوں کے گرنے کے خطرے کے باوجود امدادی کاروائیاں جاری رہیں ۔ جبکہ وقفے وقفے سے برفباری بھی ہوتی رہی ۔ جان بحق افراد تمام ٹیکنکل لوگ تھے جو ٹنل کی تعمیر میں کام آنے والی مشینریز کی مرمت کا کا م کرتے تھے ۔ اور ٹنل کی تعمیر میں اُن کا بڑا حصہ تھا ۔ لیکن اتوار کی صبح گرنے والے تودے نے کار آمد لوگوں میں سے سات کی جان لے لی اور کئی کو معذور کردیا ۔

ضلع ناظم چترال حاجی مغفرت شاہ نے میڈیا سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے اسے چترال کیلئے ایک بہت بڑا سانحہ قرار دیا ہے اور کہا کہ چترال کے سنگین موسمی حالات کے حوالے سے این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم کی طرف سے پہلے ہی خبر دار کیا تھا ۔ اس لئے تعمیراتی کمپنی کو بھی حفاظتی تدابیر اختیار کرنی چاہیے تھی ۔ اور ہمیں تمام جان بحق اور زخمی افراد کے ساتھ دلی ہمدردی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ یہ افراد ایک آفت کی زد میں آکر جان بحق ہوئے ہیں اس لئے اُن کو کمپنی کی طرف سے دیے جانے والے معاوضے کے علاوہ این ڈی اایم اے اور پی ڈی ایم اے کی طرف سے بھی معاوضہ دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ریچ میں بھی تودے کی زد میں آ کرایک شخص جان بحق اور دو زخمی ہوئے ہیں ۔ اسی طرح چترال بھر میں لینڈ سلائڈنگ اور تودوں کے گرنے کے خدشات ہیں ۔ اس لئے آمدورفت میں انتہائی احتیاط کی ضرورت ہے ۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button