چلاس کے کے ایچ ایریا بازار میں چوری کی بڑھتی ہوئی واردات، چوکیدار تعینات کرنے کا فیصلہ
چلاس ( ڈسٹرکٹ رپورٹر ) شاہراہ قراقرم چلاس ایریا میں بڑھتی ہوئی چوری کی واردات کی روک تھام کیلئے پولیس اور کے کے ایچ ایریا کے دکانداروں نے مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دی۔ اس حوالے سے مقامی ہوٹل میں ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا جس میں کے کے ایچ بازار کے دکانداروں اور کے کے ایچ تھانہ کے ایس ایچ او سید جاوید شاہ و دیگر اہلکاروں نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کے کے ایچ بازار میں رات کو دو یا تین چوکیدار بمعہ اسلحہ تعینات کیا جائے گا۔ ان چوکیداروں کی تنخواہ کے کے ایچ بازار کے دکاندار آپسی چندہ کرکے ادا کرینگے اور پولیس ان چوکیداروں کی باقاعدہ نگرانی کرے گی۔
اجلاس میں ایس ایچ او کے کے ایچ سید جاوید شاہ نے کہا کہ چوکیداروں کی ذمہ داری ہو گی کہ رات گئے کومشکوک افرادکی اطلاع فوری طور پرپولیس کو دے ۔انہوں نے کہا کہ پبلک اور پولیس ملکر ہی چوروں کا قلع قمع کر سکتے ہیں۔ دکانداروں کے جائز مطالبات پر پولیس عمل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کے کے ایچ تھانے کے حدود میں ہر طرح کے جرائم کے خاتمے کیلئے عوام اور پولیس ملکر کام کرینگے تاکہ ایک پرامن ایریا کی بنیاد رکھ سکیں گے۔