صحت

چلاس : ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ڈاکٹروں کی شدید کمی

چلاس ( رپورٹر ) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چلاس میں سپیشلسٹ اور میڈیکل آفیسروں کی کمی ، ہسپتال کیلئے ادویات کی مد میں ملنے والے فنڈز میں کٹوتی اور ہسپتال میں بجلی کی لوڈشیڈنگ و دیگر مسائل کے حل کیلئے دیامر علماء یوتھ کونسل ، تھک نیاٹ یوتھ موومنٹ اور دیامر یوتھ موومنٹ کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں متفقہ طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چلاس کے مسائل کے حل کیلئے تحریک چلانے کا اعلان کردیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر علماء یوتھ کونسل مولانا عبدالمالک ، صدر دیامر یوتھ موومنٹ شبیر احمد قریشی ، صدر تھک نیاٹ یوتھ موومنٹ ضیاءاللہ تھکوی ، مفتی محفوظ اللہ ، مولانا طارق ، مولانا حفیظ اللہ شریف شاہ ، ادریس و دیگر نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چلاس میں چوبیس سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی پوسٹیں ہیں جن میں 19 پوسٹیں ابھی تک خالی ہیں ۔ ڈاکٹروں کی کمی کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ چلاس ہسپتال کا بجٹ بھی انتہائی ناکافی ہے ۔ ادویات کی مد میں ملنے والے بجٹ میں کٹوتی کر کے 44 لاکھ کر دیا گیا ہے ۔ سیکرٹری صحت نے دیامر کو مکمل نظرانداز کر دیا ہے ۔ موصوف دیامر میں صحت عامہ کے بارے میں بات سننے کیلئے تیار ہی نہیں ۔ بجلی کی کمی اور کم والٹیج کے باعث ایکسرے اور سی ٹی سکین مشین بند پڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہسپتال چلاس میں ڈاکٹروں کی کمی فوری دور کی جائے اور بجلی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ بجٹ کی تقسیم ڈویژن کی سطح پر کی جائے ۔ عوام دیامر کے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے ۔ چلاس ہسپتال کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل نہیں کئے تو عوام سڑکوں پر نکلیں گے جس کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہو گی۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button