مسلم لیگ ن گلگت بلتستان میں نہ کوئی ہم خیال گروپ بنا ہےاور نہ فاروڑ بلاک، میڈیا کوارڈینیٹروزیر اعلی
اسلام آباد (پ ر) وزیر اعلی کے میڈیا کوارڈینیٹر رشید ارشد کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بعض اخبارات میں خبروں سے یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ حکومتی ارکان میں کوئی اختلاف ہے اور ہم خیال گروپ تشکیل پا چکا ہے اور یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ کچھ اراکین جو ناراض ہیں انہوں نے اسلام آبادکے ہوٹلوں میں وزیر اعلی سے ملاقات کی ہے ،ان خبروں کا حقائق سے دور کا بھی تعلق نہیں ہے ۔
حکومتی اراکین میں کوئی اختلاف نہ تھا نہ ہے۔ ہاں البتہ ایشوز بالخصوص آئینی حقوق کے حصول کے طریقہ کار کے حوالے سے اختلاف رائے ہر ایک کا آئینی اور جمہوری حق ہے ،اس حوالے سے خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے کہ وزیر اعلی سے ارکان کی ہوٹلوں میں خفیہ ملاقاتیں ہوئیں ہیں۔ البتہ عوامی ایشوز کے حوالے سے ملاقاتیں وزیر اعلی کیمپ آفس میں ہوتیں ہیں جومعمول کا حصہ ہیں۔
وزیر اعلی اسلام وآباد میں گلگت بلتستان کے قومی ایشیوز کے حوالے سے آئے ہوئے ہیں ۔یہ تاثر بھی غلط ہے کہ چھہ اراکین نے یوم یکجہتی کشمیر منانے سے انکار کیا ہے ان اراکین کی پریس کانفرنس میں اس بات کی وضاحت موجود تھی کہ کشمیر کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کر رہے ہیں۔ ،پارٹی میں نہ کوئی ہم خیال گروپ بنا ہے تو نہ فاروڑ بلاک بنا ہے ۔ گلگت بلتستان کے حقوق کے حصول کے حوالے سے اختلاف رائے رکھنا ان اراکین کا جمہوری حق ہے۔ نیت سب کی درست ہے راستہ ایک ہے کہ گلگت بلتستان کو آئینی حقوق ملیں ،طریقہ کار مختلف ہو سکتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی کی قیادت میں ترقی کے جس سفر کا آغاز ہوا ہے اس پر کسی رکن کو اختلاف نہیں۔ منزل سب کی یہی ہے کہ گلگت بلتستان سیاسی اور معاشی حوالوں سے ترقی کرے ۔ مسلم لیگ ن گلگت بلتستان کی نمائدہ جماعت ہے اورتمام مسالک اور علاقوں کی نمائندگی پر مشتمل خوبصورت گلدستہ ہے۔ مختلف پھول جہاں مل کر گلدستے کی شکل اختیار کرتے ہیں وہاں خوشبو مختلف ہو سکتی ہے۔ خوشبو کو اختلاف کا نام نہیں دیا جا سکتا ہے۔ سیاسی جماعتوں میں اختلاف رائے جمہوری عمل کا حصہ اور جمہوریت کا حسن ہے۔ اس حوالے سے اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں کی حکومت شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور اس عزم کا اظہار کرتی ہے کہ حکومتی ٹیم متحد ہے اور گلگت بلتستان کے سیاسی اور معاشی حقوق کے لئے جدو جہد جاری رکھی جائے گی،