بلتستان سے تعلق سینکڑوں زائرین تفتان بارڈر پر کانوائے کے نام پرخوار
شگر(نامہ نگار) شگر اور بلتستان کے دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں زائرین تفتان بارڈر پر کانوائے کے نام پر گذشتہ کئی دنوں سے خوار،کوئی پرسان حال نہیں۔ بعض زائرین کی حالت غیر ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق تفتان بارڈر پرایران اور عراق سے واپس آنے والے ہزاروں زائرین پچھلے کئی دن سے پھنسے ہوئے ہیں، کانوائے کے نام پر خواہ مخواہ مسافرین کو روک کے رکھا ہوا ہے، ان کاکوئی پرسان حال نہیں۔آج دن کو صبح سویرے زائرین نے احتجاج کیا، لیویز کی طرف سے میجر اکبر خان اور تفتان انتظامیہ کی طرف سے ڈپٹی کمشنر تفتان نے موقع پر آکر دلاسے اور وعدے کرتے ہوئے زائرین کے احتجاج کوختم کیا، اور رات تک کانوائی کو روانہ کرنے کا اعلان کیا لیکن آج رات کو ایک بار پھر وعدہ خلافی کرتے ہوئے کانوائی مؤخر کرتے ہو ئے زائرین کو روکا ہے.
زائرین کا وزیر مملکت شہریار آفریدی سے پرزور مطالبہ ہے کہ زائرین کو اس خودساختہ جیل سے رہا کیا جائے اور جلد از جلد کانوائے کو کوئٹہ کی طرف روانہ کیا جائے۔
واضح رہے کہ اس وقت پندرہ سو سے دوہزار تک زائرین کو تفتان بارڈر پر روکا ہوا ہے۔ زائرین کا کہنا ہے کہ اس میں مافیا ملوث ہے۔