تعلیم

سیپ اساتذہ کو خوشخبری دینے کے لیے بھر پور کوشش ہے، نواز خان ناجی

گلگت ( پ ر) ہماری بھر پور کوشش ہے کہ ہم اِس بہار کی آمد کے ساتھ ہی سیپ اساتذہ کو خوشخبری دیں۔ ہمیں اِن اساتذہء کرام کی مشکلات کا مکمل ادراک ہے۔ یہ انتہائی سخت حالات سے گزر رہے ہیں۔اِن کا مسئلہ حل کیے بغیر ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ اِن کا جائز حق اِنہیں دلانا ہم سب کا فرض ہے۔اِس ضمن میں محکمہء تعلیم گلگت بلتستان کے متعلقہ اہلکار کام میں مذید تیزی لائیں اور امور جلد از جلد نمٹائیں۔ اِن خیالات کا اظہار چیئر مین سٹینڈنگ کمیٹی برائے تعلیم گلگت بلتستان نواز خان ناجی نے مذکورہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

نواز خان ناجی نے مذید کہا کہ ہم خلوصِ دل سے کوشش کررہے ہیں کہ محکمہء تعلیم سے مسائل کا خاتمہ ہو اور یہ ایک اعلیٰ مقام پر فائز ہو۔ محکمہء تعلیم کی بہترین کارکردگی کا براہِ راست تعلق قوم کی ترقی سے ہے اور اس مقدس شعبے میں خرابی سے ساری قوم کی تباہی ہو سکتی ہے۔

کمیٹی کے اراکین کیپٹن (ر) محمد شفیع خان اور غلام حسین نے اجلاس میں موجود محکمہء تعلیم گلگت بلتستان کے اہلکاروں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ سٹینڈنگ کمیٹی اور اسمبلی میں محکمہء تعلیم گلگت بلتستان سے متعلق ہونے والے فیصلوں پر عمل درآمد کے عمل کو تیز کیا جائے تاکہ یہ محکمہ مسائل کی گرداب سے نکل کر تعلیم و تربیت کو مذید اعلیٰ خطوط پر استوار کر سکے۔

اِس موقع پر ایڈیشنل سیکریٹری تعلیم گلگت بلتستان نجیب عالم نے چیئر مین اور اراکین کو یقین دلایا کہ سیپ اساتذہ کے مسئلے کے حل کے لیے پیشہ ورانہ انداز میں شبانہ روز کاوشیں عمل میں لائی جارہی ہیں اور جلد امور نمٹا کر مکمل کوائف پیش کیے جائیں گے۔ آپ معزز اراکین کے فیصلوں پر عمل درآمد کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور ہم عمل درآمد کو یقینی بنا رہے ہیں۔اس سلسلے میں آئندہ بھی کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔

اجلاس میں گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی اور محکمہء تعلیم گلگت بلتستان کے دیگر اہلکاروں نے بھی شرکت کی۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button