سب ڈویژن یاسین میں گیس مافیا سرگرم، غیر معیاری اور غیر محفوظ سیلنڈرز کی خریدوفروخت جاری
یاسین(معراج علی عباسی) یاسین سب ڈویژنل انتظامیہ کی لاپرواہی کے باعث سب ڈویژن یاسین میں سیلنڈر گیس مافیا سرگرم ہوگیا ہے۔غیررجسٹرڈ اور ناقص گیس سیلنڈروں کے حوالے سے یاسین سب ڈویژنل انتظامیہ کو آگاہ کرنے کے باوجود مختلف علاقوں میں غیر رجسٹرڈ کمپنوں کی مقامی طور پر فلنگ کردہ دونمبر ایل پی جی گیس سیلنڈروں کی خریدوفروخت کا سلسلہ بغیر کسی خوف و خطر کے جاری ہے ۔
تفصیلات کے مطابق گیس سپلائی کرنے والے مقامی ایجنسیز زیادہ منافع کمانے کے لالچ میں گلگت اور گاہکوچ میں غیرقانونی طور پر گیس سلنڈروں کو بھر کر یاسین کے مخلتف علاقوں میں سپلائی کرتے ہیں ۔
غذر انتظامیہ کے جانب سے غذر بھرمیں گیس فلینگ پر پابندی کے باوجود ناقص اور دونمبر گیس کی خریدوفروخت کا سلسلہ جاری ہے۔دونمبر طریقے سے فلنگ شدہ گیس سیلنڈرز کم وزن کے ہوتے ہیں، گیس کا پریشر بھی کم ہوتا ہے اور سیلنڈرز غیر معیاری ہوتے ہیں جو کسی بھی وقت دھماکے سے پھٹ سکتے ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ دونمبر اور ناقص گیس کی خریدوفروخت میں رجسٹرڈ گیس کمپنیوں کے ڈیلرز اور مقامی گیس فروش دونوں شامل ہیں۔ غذر انتظامیہ ایل پی جی گیس سلنڈروں کی مقامی طور پر بھرائی پر پابندی کے حکم نامے پر عمل درآمد کو یقینی بنانے میں اپنا کر دار ادا کر کے علاقے کو کسی ناگہانی آفت سے بچا سکتی ہے۔