خبریں

ہنزہ میں‌ موسیقی کے میلے کی آڑ میں‌ انتہائی مضر منشیات پھیلانے کی سازش کی جارہی ہے، ہنزہ شناکی یوتھ موومنٹ کا الزام

ہنزہ(بیورو رپورٹ) ہنزہ شناکی یوتھ موومنٹ کے رہنماؤں نے ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ ہنزہ میں فیس میلے کے نام پر ڈی سی ہنزہ علاقے کے نوجوانوں کو انتہائی مضر منشیات کی لت میں ڈالنے کی سازش کررہا ہے۔

ایک اخباری بیان کے مطابق ہنزہ شناکی یوتھ موومنٹ کے رہنماوں، بشمول  علی احمد شاہ،واجد بیگ،رحیم خان،غازی کمال،رحمت کریم،اعجاز حسین، بشارت حسین،بحرام خان،ارسلان علی شاہ، حسین شاہ،زہیب یار بیگ، تحسین جاوید،وسیم یار بیگ اور دیگر نے کہا کہ ہنزہ کو ایک منظم سازش کے تحت سیاحت کے فروغ نام پر اصل مسائل سے دور رکھنے اور نوجوان نسل کومنشیات کے ذریعے تباہ کرنے کیلئے فیس میلہ جیسے غیر اخلاقی،علاقائی اقدار اور علاقائی رسم و رواج سے متصادم پروگرامات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ہنزہ میں پہلے سے ہی سیاحت کارخ بہت زیادہ ہے۔ ان جیسے پروگرامات کا انعقاد کرنے کے مقاصد پردے کے پیچھے کچھ اور ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہر ایرے غیرے این جی او نے ہنزہ کو اپنا تجربہ گاہ بنایا ہوا ہے اور نوجوان نسل کو برباد کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

انہوں نے ڈی سی ہنزہ کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کے میلے کرانے کی کوشش کی گئی تو اس سے پیدا ہونے والے حالات کے ذمہ دار وہ خود ہونگے اور ان کو علاقے بدر کرکے ہی دم لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور دیگر اعلیٰ حکام اگر میلے منعقدہ کرنا چاہتی ہے تو دیگر اضلاع میں کرے کیوں کہ ہنزہ میں سیاحت پہلے سے ہی بہتر ہے۔یہاں اس قسم کے میلوں کے انعقاد کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button