آغا خان ہائیر سیکنڈری سکول شیر قلعہ میں یوم دفاع کی تقریبات گورنمنٹ اور پرائیوٹ کی شرکت
گلگت ( نمائندہ خصوصی ) ڈسٹرکٹ غذر ( وادیٔ شہدا ) میں یوم دفاع پاکستان کے موقعے پر شاندار تقریبات کا اہتمام کیا گیا ۔ آغا خان ہائیر سیکنڈری سکول شیر قلعہ کے تعاؤن اور میزبانی میں گورنمنٹ ہائی سکول شیر قلعہ برائے طلبا ٔ ، گورنمٹ ہائی سکول برائے طالبات کے علاوہ پائیلٹ سکول کے طلبأ و طالبات اور اساتذہ نے کثیر تعداد میں پروگرام میں شرکت کی اور ملک و ملت کی سالمیت و دفاع اور قوم کی عزت و آبرو کی خاطر جان و مال کی قربانی دینے والے پاک آرمی کے شیر دل جوانوں کی عظمت کو خراج تحسین پیش کیا ۔ تقریب کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا تھا ۔ پروگرام کا پہلا حصہ قران کریم کی تلاوت ، ہدیہ ٔ نعت سرور کونیں ﷺ ، پاکستان کا قومی ترانہ ، 1965 ء کی جنگ اور کرگل جنگ کے شہدا ٔ اورغازیوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اور شہدا کی روحوں کی ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی پرمشتمل تھا جبکہ پروگرام کی دوسری نشست میں مہمان اور میزبان سکولوں کے طلبا ٔ طالبات نے 6 ستمبر کے تاریخ ساز دن کو پاکستان اور افواج پاکستان کے جرّی مجاہدوں کے نام کردیا ۔ اس موقعے پر چاروں سکولوں کے طلبہ نے تقاریر ، خاکے اور اسٹیج ڈراموں کے ذریعے افوج پاکستان کی بے مثال قربانیوں کو اُجاگر کیا ۔ اس پروگرام کے انعقاد کا مقصد افواج پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف اور مملکت خداداد سے دیوانہ وار محبت و عقیدت کے پیغام کا اظہار تھا ۔ مقرّ رین نے کہا کہ ہم ایک زندہ قوم ہیں اور قومیں اُس وقت زندہ کہلائی جاتی ہیں جب اُن کے دلوں میں قوم کی عظمت کی خاطر اپنی جانوں کی قربانی کا جذبہ موجزن ہو ۔ ہماری تاریخ ہماری افواج کی گراں مایہ قربانیوں کی داستان سے لبالب بھری پڑی ہے ۔
آخر میں صدرِ تقریب پرنسپل آغا خان ہائیر سیکنڈری سکول شیر قلعہ جناب عمران شاہ نے گورنمنٹ اور پرائیوٹ سکولوں سے پروگرام میں شرکت کرنے والے تمام شرکأ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس مشترکہ پروگرام کو آپس کی اتحاد و اتفاق اور افواج پاکستان سے عقیدت کی بہترین مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں طالب علم کی حیثیت سے زبان ، قبیلے، سیاست اور مسسالک سے بالاتر ہوکر پاکستان کی بقا کے لئے قربانیاں دینے کی ضرورت ہے اور دنیا میں ایسی عظیم قربانیوں کی مثال قائم کرنے کے لئے اعلی ٰ اور معیاری تعلیم کے ہتھیار سے لیس قومیں ہی کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں ۔