متفرق

ہلال احمر گلگت بلتستان نے کرونا وائرس بحران کے پیش نظر ایمبولنس خدمات کا آغاز کردیا

گلگت(پ ر) ملک بھر اور گلگت بلتستان میں ہیلتھ ایمرجنسی کے پیش نظر ہلال احمرگلگت بلتستان نے ہنگامی بنیادوں پر ایمبولنس سروس کا آغاز کردیا۔ بدھ کو ہلال احمرکے صوبائی ہیڈکوارٹر مناورمیں ہلال احمر گلگت بلتستان کے چیئرمین طارق حسین شاہ نے باضابطہ طورپر ایمبولنس سروس کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین طارق حسین شاہ نے کہا کہ ہلال احمرپاکستان ملک کا ایک قومی فلاحی ادارہ ہے جو قدرتی آفات اور ہنگامی صورتحال میں حکومتی معاون کے طورپر اپنی خدمات سرانجام دیتا ہے اور آج ملک میں ہیلتھ ایمرجنسی کے دوران ہلال احمرکی ایمبولنس سروس اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں مریضوں اور میتوں کی ترسل کے لئے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ایمبولنسز کا فقدان ہے جس کی وجہ سے کئی قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوجاتی ہیں۔ اس صورتحال کو مدنظررکھتے ہوئے ہلال احمرگلگت بلتستان نے ایمبولنس سروس کا آغاز کردیا جوایمرجنسی مریضوں اور میتوں کی بروقت ترسیل میں اپنا کردار ادا کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ ہلال احمرکی ایمبولنس سروس میں ابتدائی طورپر تین جدید ایمبولنس گلگت شہرکے مختلف ہسپتالوں اور طبی مراکزکے احاطے میں چوبیس گھنٹے کھڑی رہیں گی جس کے تحت ضرورت مندوں کی بلاتفریق، رنگ ونسل خالصتاً انسانی ہمدردی کی بنیاد پر خدمت کو یقینی بنایا جائیگا۔ انہوں نے ادارے کے سٹاف اور ایمبولنسز کے عملے پر زوردیا کہ وہ دکھی انسانیت کی خدمت میں کسی قسم کی سستی اور کوتاہی کا مظاہرہ کرنے سے گریز کریں۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button