رمضان المبارک اور فہم قرآن
تحریر: امیرجان حقانی
قران کریم کا جملہ مسلمانوں پر حق ہے کہ وہ اس کو تلاوت، حفظ، ترجمہ، تشریح و تفسیر، تفہیم اور تدبر و تفقہ کے ساتھ پڑھیں.شغف قرآن میں جس کا جو لیول ہے اس کا ضرور پاس رکھے. اپنے لیول سے نیچے اترنا بھی زیادتی ہوگی.
قرآن کو جس انداز سے بھی پڑھا جائے ثواب مل جائے گا لیکن سب سے زیادہ ثواب اور اجر تدبر و تفقہ کیساتھ پڑھنے والوں کو ملے گا.خود اللہ کا فرمان اور قرآن کا تقاضہ بھی یہی ہے.
میرے معمولات میں رمضان المبارک فہم قرآن اور تدبر کے لیے خاص ہے.اگلا مرحلہ تفقہ فی القرآن ہے جس کے لیے بڑا وقت اور محنت اور بہت سے علوم میں مہارت چاہیے جس کی ہم جیسے کمزورں میں سکت کہاں. اللہ سے دعا ہے کہ وہ اس کی بھی توفیق دے.
ربیع الاول سیرت دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم اور محرم الحرام سیرت اہل بیت اور اصحاب کرام کے لیے مخصوص ہیں.
ان تین مہینوں میں ان تین موضوعات(فہم قرآن، سیرت الرسول اور مناقب اہل بیت و صحابہ) پر زیادہ سے زیادہ پڑھنے کی کوشش کرتا، اور ان موضوعاف پر سیلکٹڈ مطالعہ کرتا. اگرچہ دیگر اہم موضوعات اور تحریروں کا جزوی مطالعہ بھی سال بھر کی طرح چلتا رہتاہے.
سال 2020کے رمضان المبارک میں فہم و تدبر قرآن کے لیے دو عدد تفاسیر کا انتخاب کیا ہے.
1.معارف القرآن، لیشخ ایدریس کاندھلوی
2.تفہیم القرآن: لشیخ ابوالاعلی مودودی
آج پہلے رمضان کے تہجد کے اس وقت دو رکعت صلوۃ برکت فی المطالعہ پڑھ کر دونوں تفاسیر کے مطالعہ کا آغاز کیا ہے. کوشش ہوگی کہ زیادہ سے زیادہ مطالعہ کرکے فہم و تدبر کیا جائے گا.
ان دونوں تفاسیر کا ترجمہ و تفیسر بالاستعیاب پڑھا جائے گا. اور ضرورت پڑنے پر دیگر متداول اور مختصر تفاسیر و تراجم سے بھی رجوع کیا جائے گا.جوکہ میرے لیپ ٹاپ میں محفوظ ہیں.
گزشتہ سال 2019 کے رمضان میں فہم قرآن کے لیے تفسیر ابن کثیر اور تفہیم القرآن کا انتخاب کیا تھا.جن کا بہت فائدہ ہوا. الحمدللہ!
میری گزارش ہوگی کہ رمضان المبارک کے مہینے میں سب سے زیادہ وقت قرآن کریم کو دیا جائے.
عام احباب جو ناظرہ بھی نہیں پڑھ سکتے وہ کسی معروف قاری کی تلاوت کی سماعت کا اہتمام کیجے. جیسے شیخ سدیس وغیرہ
جوگ صرف ناظرہ پڑھ سکتے وہ زیادہ سے زیادہ تلاوت کا اہتمام کیجے.
جو جدید تعلیم یافتہ حضرت ترجمہ پڑھ سکتے ہیں ان سے خصوصی گزارش ہوگی کہ ترجمہ و مختصر تفسیر کا اہتمام کیجے. صرف تلاوت پر قطعا اکتفا نہ کیجے. اس کے لیے سب سے بہتر اور آسان ترجمہ و مختصر تفسیر جسٹس مفتی محمد تقی عثمانی کی آسان ترجمہ قرآن(اردو و انگلش) ہے، جو نہت سلیس انداز میں جدید تعلیم یافتہ احباب کو مدنظر رکھتے ہوئےلکھی گئی ہے.
باقی اہل علم حضرات اپنے ذوق اور فہم و منہج کے اعتبار سے تراجم و تفاسیر کا انتخاب کرسکتے ہیں.
جو احباب یہ سب نہیں کرسکتے وہ قرآن اور اہل قرآن سے محبت کیجے. اللہ ان کو بھی خوب نوازے گا.
اللہ سے دعا ہے کہ ہم سب جملہ مسلمانوں کی رمضان المبارک کے مہینے میں کی جانے والی ان معمولی کاوشوں میں برکت ڈالے اور اپنے بارگاہ میں ان کو مقبول و منظور فرمائے.آمین.