گلگت بلتستان اسمبلی میںہنزہ کی تین نشستوںکے لئے تحریک کا آغاز، نمبردارمیدان میںآگئے
ہنزہ (اجلال حسین) ہنزہ کے عمائدین گلگت بلتستان اسمبلی میں اضافی نشست کے حصول کے لئے ایک بار پھر متحرک، نمبرداران ہنزہ ایگز یکٹو کمیٹی کا گزشتہ روز ہنزہ میں ہنگامی پریس کانفرنس۔ 25 سالوں سے ہنزہ کو سیاسی سطح پر محروم رکھنے کی سازش کا الزام۔ ہنزہ کے چالیس ہزار ووٹرز کے لئے ایک ہی نشست کا ہونا ظلم قرار۔
پریس کانفریس سے خطاب کرتے ہوئے نمبرداروں نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے عوام ہنزہ مختلف پلٹ فارمز سے ہنزہ کی اضافی نشستوں کے لئے آواز اٹھاتے آئے ہیں، مگر سننے والا کوئی نہیں۔ بیس سالوں سے پاکستان کی مختلف سیاسی پارٹیوں سے وابسطہ افراد نے وعدوں پر عوام کو ٹرخایا ہے۔ ہنزہ کو اسمبلی میں تین نشستیں دینے کا مطالبہ۔
نمبرداروں نے مزید کہا کہ یوم عاشور کے بعد عدالتی، آئینی، انتظامی صحافتی اور قانونی سطح پر آواز بلند کی جائیگی ۔ اسس سلسلے میں سیاسی، سماجی اور مذہبی جماعتوں سے بھی مدد لی جائے گی۔ کیونکہ کئی سالوں سے علاقے میں منتخب نمائندہ نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
پریس کانفرنس میں نمبرداروں نے مزید کہا کہ اضافی نشستوں کا مطابلہ نیا نہیں بلکہ بہت پرانا ہے۔ اس سلسلے میں گزشتہ دس سالوں سے مسلسل مالبے کئے جاہرے ہیں جبکہ کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں مقیم ہنزہ کے باسی اس مطالبے کے حق میں احتجاجی مظاہرے بھی کرتے آئے ہیں۔
نمبرداروں نے مزید کہا کہ عوام ہنزہ کو دیوار سے لگا کر نہ جانے کس بنیاد پر علاقے کو محروم رکھنے کی سازش چلی آرہی ہے۔ ریاستی ادارے، بشمول عدالتیں، بھی اس ضمن میں خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں جس سے عوام کے دلوں میں شکوک و شبہات پیدا ہورہے ہیں۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوے شرکا نے مزید کہا کہ ون پوائنٹ ایجنڈا پر عوام اکٹھے ہورہے ہیں اور مطالبے کے حصول کے لئے آخری حد تک کوشش کی جائے گی۔