گوجال انتظامیہ مائننگ مافیا کی سرپرستی کرنے سے گریز کرے، ورنہ خاموش نہیں رہیں گے: نذیر علی گوجالی، رہنما پیپلزپارٹی
کراچی : پاکستان پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کے سینئر رہنماء نذیرعلی گوجالی نے میڈیا کو جاری کردہ ایک بیان میں کہاہےکہ علاقے میں مائننگ مافیاء سرگرم ہوگیاہے ۔ ہنزہ گوجال شمشال کے پہاڑوں میں معدنیات تلاش کرنے کے لائنسنس مافیاء کو دینا کسی بھی صورت میں قابل برداشت فعل نہیں ہے۔ انتظامیہ علاقے کے عوام کے احساسات اورجذبات کا خیال رکھے چور دروازے سے مائننگ مافیاء کی سرپرستی کرنے سے گریزکرے ورنہ ہم خاموش نہیں رہیں گے پیپلزپارٹی ہنزہ کے عوام کی امنگوں کے خلاف کام کرنے کی انتظامیہ کو ہرگز اجازت نہیں دے گی۔
اپنے ایک اخباری بیان میں انہوں نے الزام لگایا ہے کہ حالیہ دنوں میں رشوت لیکر مائننگ مافیاز کو نوازنے کاانکشاف ہواہے، انہوں نے کمشنر گلگت ڈویژن سے مطالبہ کیا ہےکہ عوامی شکایات کا نوٹس لیں اور اسٹنٹ کمشنر ہنزہ گوجال سے باز پرس کریں۔ انہوں نے الزام لگایا ہے کہ اقبال جان نامی اسسٹنٹ کمشنر بدمعاشی پر اتر آئے ہیں اور علاقے کے عمائدین کے ساتھ ہتک آمیز رویہ اختیار کررہے ہیں انہیں فوری طورپر عہدے سے ہٹایا جائے۔ ان کے حوالے سے عوام سخت مشتعل ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ ہنزہ میں مائننگ مافیاء کے چنگل سے انتظامیہ خود کو آزاد کرائے ورنہ حالات کوئی بھی رخ اختیار کرسکتے ہیں ہم عوام کے مفادات پر کسی آفیسر کو سودابازی کرنے نہیں دیں گے معدنیات عوام کی ملکیت ہیں معدنیات پر کسی کو ہاتھ صاف کرنے نہیں دیں گے انتظامیہ جان لے کہ ہنزہ کے عوام بڑے باغیرت ہیں وہ کسی گیڈر بھبکیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں عوام اپنے حق کیلئے کھڑے ہوگئے ہیں انشاءاللہ ہم اپنا حق لیکر ہی رہیں گے بزدلی کامظاہرہ کریں گے اور نہ ہی انتظامیہ کو کوئی فری ہینڈ دیں گے بلکہ معدنیات کا تحفظ ہر صورت میں کریں گے